ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی میں لسانی تنازعہ: مراٹھی میں بات نہ کرنے پر بس کنڈکٹر پر حملہ،کرناٹک کے وزیر قانون کا سخت ردعمل

بیلگاوی میں لسانی تنازعہ: مراٹھی میں بات نہ کرنے پر بس کنڈکٹر پر حملہ،کرناٹک کے وزیر قانون کا سخت ردعمل

Mon, 24 Feb 2025 10:56:33    S O News

ہبلی، 24/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک کے قانون اور پارلیمانی امور کے وزیر انچ کے پاٹل نے بیلگاوی میں KSRTC بس کنڈکٹر پر مراٹھی میں بات نہ کرنے کے الزام میں ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر نے اس واقعے کو "افسوسناک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اس طرح کے واقعات سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرتے ہیں اور بدامنی کو جنم دیتے ہیں"۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کرناٹک حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرے گی اور کسی بھی طرح کے لسانی امتیاز یا تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ "کرناٹک حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی کہ اس طرح کے غیر ضروری واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔" نارتھ ویسٹرن کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (NWKRTC) کے ایک بس ڈرائیور اور کنڈکٹر پر بیلگاوی میں زبان کے تنازعے کے بعد نوجوانوں کے ایک گروہ نے مبینہ طور پر حملہ کیا۔ حکام کے مطابق، یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر تقریباً 12:30 بجے سولی بھاوی کے قریب پیش آیا۔ بیلگاوی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس نے ہفتے کے روز بتایا کہ انہیں متاثرہ لڑکی کی طرف سے بھی شکایت موصول ہوئی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ کنڈکٹر نے نامناسب تبصرہ کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، نیم شہری CBT-Sulebhavi بس میں سفر کر رہے ایک لڑکا اور لڑکی نے مبینہ طور پر کنڈکٹر کو دھمکایا کیونکہ وہ مراٹھی میں بات کرنے سے قاصر تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنے دوستوں کو بلا لیا۔

کرناٹک کے وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا، "پولیس نے تیز رفتاری سے کام کیا، عدالت نے ملزم کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے، اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔"

کانگریس ایم ایل اے اور KSRTC کے چیئرمین این اے حارث نے بھی اس واقعے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ "حکومت نے فوری کارروائی کی ہے۔ ہر مقامی فرد کو کنڑا میں بات کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، لیکن اگر کوئی کنڑا نہیں جانتا، تو اس بنیاد پر کسی پر حملہ کرنا قطعی طور پر درست نہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "یہ قابل قبول نہیں ہے، اور ملزمان کو بخشا نہیں جائے گا۔"

اس واقعے کے بعد علاقے میں احتجاج بھی شروع ہو گیا۔ ضلع صدر راجو ناشیپوری نے دعویٰ کیا کہ "کنڈکٹر کو انصاف دلانے کے بجائے، لڑکی کی شکایت پر POCSO ایکٹ کے تحت اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جو مزید تنازعے کو ہوا دے رہا ہے۔"


Share: