کولمبو، 16 /فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)دفاعی چمپئن ہندوستان نے ٹی-20 عالمی کپ 2026 کے ایک اہم مقابلے میں پاکستان کو یکطرفہ انداز میں 61 رن سے شکست دے کر سپر-8 مرحلے میں جگہ بنا لی۔ ایشان کشن کی دھماکہ خیز نصف سنچری اور گیندبازوں کی منظم کارکردگی نے اس میچ کو مکمل طور پر ہندوستان کے حق میں کر دیا۔
کولمبو کے پریمداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، لیکن ہندوستانی بلے بازوں نے 20 اوور میں 7 وکٹ پر 175 رن بنا کر مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوور میں محض 114 رن پر ڈھیر ہو گئی۔
ہندوستان کی اننگز کا آغاز خراب رہا اور ابھیشیک شرما بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے، لیکن اس کے بعد ایشان کشن اور تلک ورما نے دوسرے وکٹ کے لیے 87 رن کی اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا۔ ایشان کشن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے صرف 40 گیندوں پر 10 چوکے اور 3 چھکے کی مدد سے 77 رن بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
کپتان سوریا کمار یادو نے 29 گیندوں پر 32 رن اور تلک ورما نے 24 گیندوں پر 25 رن کا تعاون دیا۔ اختتامی اوورز میں شیوم دوبے نے 17 گیندوں پر 27 رن اور رنکو سنگھ نے 4 گیندوں پر ناقابل شکست 11 رن بنا کر اسکور کو 175 تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹ حاصل کیے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، آغا سلمان اور عثمان طارق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز بھی مایوس کن رہا۔ ہاردک پانڈیا نے پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کر کے جھٹکا دیا، جبکہ اگلے اوور میں جسپریت بمراہ نے صائم ایوب اور کپتان آغا سلمان کو پویلین بھیج کر پاکستان کی کمر توڑ دی۔ بعد میں ہندوستانی اسپنرز نے بھی نپی تلی گیندبازی سے دباؤ برقرار رکھا۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رن بنائے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ناٹ آؤٹ 23 رن کی مزاحمت کی۔ شاداب خان (14) اور فہیم اشرف (10) کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 114 رن پر سمٹ گئی۔
ہندوستان کی طرف سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ کلدیپ یادو اور تلک ورما کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان کے خلاف اپنا ریکارڈ 8-1 کر لیا اور آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔