ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / انڈیا بلاک اجلاس میں مرکز پر تنقید، کھرگے نے حکومتی پالیسیوں پر اٹھائے اہم سوالات

انڈیا بلاک اجلاس میں مرکز پر تنقید، کھرگے نے حکومتی پالیسیوں پر اٹھائے اہم سوالات

Mon, 08 Jun 2026 17:36:28    S O News
انڈیا بلاک اجلاس میں مرکز پر تنقید، کھرگے نے حکومتی پالیسیوں پر اٹھائے اہم سوالات

نئی دہلی، 8/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)انڈیا اتحاد کی ایک انتہائی اہم میٹنگ آج دہلی میں منعقد ہوئی، جس میں کانگریس سمیت تقریباً 2 درجن پارٹیوں کے نمائندے موجود رہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے افتتاحی خطاب میں مرکزی حکومت کو مختلف محاذوں پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک اس وقت سیاسی، اقتصادی، سماجی اور خارجہ پالیسی کے متعدد چیلنجوں سے دوچار ہے، جن کا سبب مودی حکومت کی پالیسیوں اور طرز حکمرانی کو قرار دیا جا سکتا ہے۔

میٹنگ کے آغاز میں انڈیا بلاک کے تمام لیڈران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ انڈیا بلاک تقریباً 3 سال قبل وجود میں آیا تھا اور اس نے اپوزیشن پارٹیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پہلے سے زیادہ ضروری ہو گئی ہے۔ کانگریس صدر نے 17 اپریل 2026 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں نے غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعہ مودی حکومت کے حد بندی (ڈی لمیٹیشن) سے متعلق متنازعہ بلوں کو شکست دی تھی۔ ان کے مطابق یہ اپوزیشن کی اجتماعی طاقت اور جمہوری عزم کا مظہر تھا، جسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

کھرگے نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے نتیجے میں ملک کے کروڑوں شہریوں کے حق رائے دہی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کو ووٹنگ کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال جمہوری اقدار کے لیے تشویش ناک ہے۔ آئین پر مسلسل حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ملک کے آئینی اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے اور جمہوری روایات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے اور دباؤ میں لانے کے لیے کیا جا رہا ہے، جس سے جمہوری نظام کی غیر جانبداری پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔

کانگریس صدر نے یہ بھی کہا کہ غیر بی جے پی ریاستی حکومتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے اور وفاقی ڈھانچے کی روح کو مجروح کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ریاستوں کے حقوق اور اختیارات کا احترام جمہوری نظام کا بنیادی تقاضا ہے۔ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عام آدمی شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کا مجموعی اقتصادی ماحول منفی سمت میں جا رہا ہے اور سرمایہ کاری کی رفتار مطلوبہ سطح تک نہیں پہنچ پا رہی، جس کی وجہ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا نہیں ہو رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں نجی اجارہ داریوں کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے، جبکہ ملک کے چھوٹے، درمیانے اور خرد درجے کے کاروبار (ایم ایس ایم ای) سنگین بحران سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق یہ شعبہ ملک کی معیشت اور روزگار کا ایک اہم ستون ہے، لیکن حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اس کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

نوجوانوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کھڑگے نے امتحانات کے نظام میں بے ضابطگی پر شدید تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل اور ان کی امیدوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور بار بار امتحانات میں بے ضابطگیوں کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے سماج کے کمزور طبقات پر ہونے والے مظالم کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ خاص طور پر بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں محروم اور کمزور طبقات کو مختلف مسائل اور ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خارجہ پالیسی کے موضوع پر کانگریس صدر نے کہا کہ ہندوستان کی روایتی سفارتی پالیسی اور بین الاقوامی سطح پر اس کے تاریخی مؤقف کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق ملک نے طویل عرصے تک جن اصولوں اور اقدار کی حمایت کی، موجودہ حکومت انہیں برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر ہندوستان کی ساکھ پر بھی پڑ رہے ہیں۔


Share: