ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سری نواس پور میں طلبہ کے لیے افطار تقریب کا شاندار اہتمام

سری نواس پور میں طلبہ کے لیے افطار تقریب کا شاندار اہتمام

Sun, 09 Mar 2025 13:12:44    S O News
سری نواس پور میں طلبہ کے لیے افطار تقریب کا شاندار اہتمام

سری نواس پور9 مارچ (ایس او نیوز/ شبیر احمد) سری نواس پور ٹاؤن کے ڈاکٹر ذاکر حسین محلہ میں واقع سرکاری اردو اور انگلش میڈیم ہائر پرائمری اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے شاندارافطار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے موقع پر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ایجوکیشنل ٹرسٹ کے صدر اور ایم پی فروٹس مینگو کمپنی کے مالک جناب عبدالمجید نے خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے طلبہ سے خطاب کیا اور رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل میں بھی محنت اور لگن سے کام کرنے کی ترغیب دی۔

srinivaspur-iftar-party-1.jpg

اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد صادق نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ایجوکیشنل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلبہ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں اور ان میں مثبت تبدیلی لانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہونے اور اپنی تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنے کی نصیحت کی۔

ایس ڈی ایم سی کے صدر ہدایت اللہ خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب طلبہ اور اساتذہ کے درمیان ایک خوشگوار ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوئی۔ انہوں نے اسکول کے اساتذہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کی بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

افطار کے بعد طلبہ نے اجتماعی دعا کی۔ اس موقع پر اسکول ٹیچرس نورالنساء، ریحانہ خانم، نصرت اماں جان، عاصمہ سلطانہ، گلاب شا، دیگر ذمہ داران میں الیاس، امتیاز وغیرہ موجود تھے۔


Share: