ہوناور، 25 / جنوری (ایس او نیوز) گائے چوری کرنے الزام میں ہوناور پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کی شناخت ہیرانگڈی کے رہنے والے الطاف احمد کاٹاپوروسو، متین احمد کاٹاپوروسو اور محمد حسین کورے کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوناور تعلقہ کے کونڈّوکولی، ہوساکولی، سالکوڈ اور کولکّی جیسے علاقوں میں گائیں چوری ہونے کے چار معاملات ہوناور پولیس تھانے میں درج ہوئے ہیں ۔ ضلع ایس پی کی ہدایت کے مطابق ہوناور پولیس تھانے کے سی پی آئی سدا رامیشور، بھٹکل دیہی پولیس تھانے کے سی پی آئی سنتوش کائکینی، کمٹہ پولیس انسپکٹر یوگیش کے ایم اور ہوناور پولیس اسٹیشن کے تمام سب انسپکٹرز پر مشتمل تین تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ، جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ تینوں ملزمین کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔
عوام کے ایک حلقے میں یہ باتیں بھی گشت کر رہی ہیں کہ جن ملزمین کو اب گرفتار کیا گیا ہے وہ شائد ضلع بھر میں ناراضی کا سبب بننے والے حاملہ گائے کو نامعلوم افراد کی طرف سے ذبح کرنے کے تازہ معاملے میں ملوث نہیں ہیں ۔ چونکہ یہ مسئلہ بہت گرمایا ہوا ہے اس لئے پولیس نے عوام کے غصے کو ٹھنڈا کرنے کے مقصد بعض پرانے معاملات میں ملوث افراد کو اس نئے معاملات کے ساتھ جوڑ کر گرفتار کیا ہے اور اصل مجرم ابھی پولیس کے شکنجے سے دور ہیں ۔