ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور : کاسرکوڈ تجارتی بندرگاہ کا کام دوبارہ ہوا شروع - ضلع ایس پی نے کہا : رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی

ہوناور : کاسرکوڈ تجارتی بندرگاہ کا کام دوبارہ ہوا شروع - ضلع ایس پی نے کہا : رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی

Wed, 12 Feb 2025 17:15:59    S O News
ہوناور : کاسرکوڈ تجارتی بندرگاہ کا کام دوبارہ ہوا شروع - ضلع ایس پی نے کہا : رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی

ہوناور ،12 / فروری (ایس او نیوز) کاسرکوڈ میں تجارتی بندرگاہ کا جو کام پچھلے کچھ عرصے سے مقامی ماہی گیروں کے احتجاج کی وجہ سے رکا ہوا تھا اسے دوبارہ شروع کرنے کی پوری تیاری کر لی گئی ہے اور اس پس منظر میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائین نے اس مجوزہ بندرگاہ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو تنبیہ کی ہے کہ عدالت سے اسٹے حاصل کیے بغیر اگر کوئی اس کام میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق ضلع ایس پی نے ہوناور پہنچ کر اعلیٰ افسران کے ساتھ مسلسل میٹنگس کرنے اور بندرگاہ کی تعمیر سے متعلق تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد تحصیلدار دفتر میں ماہی گیروں، گاوں کے ذمہ داران اور بندرگاہ مخالف احتجاجیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ مجوزہ تجارتی بندرگاہ کی تعمیر کا کام قانونی طور پر چل رہا ہے ۔ اس تعمیراتی کام کو روکنے کے سلسلے میں تاحال کوئی ہدایت نہیں ہے ۔ سرکاری احکام کی تعمیل ہمارا فرض ہے ۔ احتجاج کے نام پر افسران کے کام میں رکاوٹ پیدا کرنا غیر قانونی اقدام ہوتا ہے اور ایسی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کرنا لازمی ہو جاتا ہے ۔
    
اس اجلاس کے دوران محکمہ بندرگاہ کے افسران اور ٹھیکے دار کمپنی کی جانب سے مجوزہ بندرگاہ کی تعمیرات کے سلسلے میں ضروری معلومات پروجیکٹر کے ذریعے حاضرین کے سامنے رکھی ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام اگر تعمیراتی کام کو آگے بڑھانے سے روکتے ہیں تو ٹھیکیدار کمپنی نے اپنے نقصان کی بھرپائی کے لئے مرکزی بورڈ سے رجوع ہوتی ہے اور ایسی صورت میں ریاستی حکومت کو 40% تک ہرجانہ ادا کرنا ناگزیر ہو جاتا ہے ۔ پھر اس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔
    
خیال رہے کہ مقامی ماہی گیروں کی سخت مخالفت کے باوجود محکمہ ماحولیات نے کاسرکوڈ تجارتی بندرگاہ کے لئے از سر نو توثیق جاری کی ہے ۔ جس کے بعد دوبارہ تعمیراتی کام شروع کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ منگلورو ژون کے آئی جی پی امیت سنگھ، ضلع ڈی سی لکشمی  پریا، ایس پی نارائین ایم، بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش، بھٹکل اے سی، تحصیلدار پروین کرنڈے، ہوناور، مرڈیشور، کمٹہ، بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر، محکمہ بندرگاہ، ریوینیو، جنگلات، سروے کے افسران وغیرہ نے مجوزی بندرگاہ کے علاقے کا دورہ کیا اور حالات کا معائنہ کیا جس کے بعد مذکورہ بالا میٹنگ منعقد کی گئی تھی ۔ اب دو تین دن بعد پھر اسی قسم کی میٹنگ منعقد ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔ 

honnavar-kasarkod-sp-dc-visit-3.jpg
honnavar-kasarkod-sp-dc-visit-2.jpg

Share: