منگلورو ،13 / مارچ (ایس او نیوز) دکشن کنڑا میں ناقابل برداشت گرمی کے دوران کل شام کے وقت اچانک تیز ہواوں، بادلوں کی گھن گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ ضلع کے مختلف مقامات پر پری مانسون بارش ہوئی ۔ اس دوران تیز ہواوں کی وجہ سے 30 سے زائد بجلی کے کھمبے ٹوٹ کر گر گئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پتور، بیلتنگڈی، سولیا، کڈبا، بنٹوال تعلقہ کے کئی مقامات پر کل شام سے بارش ہوئی جبکہ شہر میں رات 9 بجے سے پانی برسنے لگا ۔ بہت سارے مقامات بجلی کے کھمبے گر گئے تو دو ایک جگہ درخت اکھڑ کر سڑک پر گرنے کے معاملے بھی پیش آئے ۔
بیلتنگڈی تعلقہ کے مختلف مقامات پر بھاری برسات ہوئی اور تیز ہواوں کی وجہ سے 30 سے زائد بجلی کے کھمبے ٹّوٹ کر گر گئے اور بجلی منقطع ہونے کے معاملے پیش آئے ۔ تعلقہ کے بعض مقامات ژالہ باری بھی دیکھنے کو ملی ۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک برسات ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔