اڈپی،27 / مئی (ایس او نیوز) گزشتہ چند دنوں میں اڈپی ضلع میں بادلوں کی بھاری گرج، کڑکتی بجلیوں اور تیز ہواؤں کے ساتھ زبردست بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں ضلع کے مختلف حصوں میں مکانات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق بیندور- کولور قومی شاہراہ پر گولی ہولے میں سڑک کا ایک حصہ بہہ گیا، جس سے رابطہ عارضی طور پر منقطع ہوگیا ۔ سڑک بہہ جانے کے بعد فوری تدارک کے اقدامات کیے گئے اور اب گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے ۔
شیموگہ کے ممبر آف پارلیمنٹ بی وائی راگھویندر نے صورتحال کی سنگینی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد مرمت کے کاموں کو فوری طور پر انجام دینے کو یقینی بنانے کے لیے مقامی نمائندوں، ہائی وے انجینئروں اور منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم رکھا ۔
کل کنداپور اور آس پاس کے تعلقہ میں صبح کی اولین ساعتوں میں تیز آندھی سے کئی درخت اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبوں کوبھی نقصان پہنچا ۔ اس کی وجہ سے اتوار کی شام تک متعدد دیہاتوں میں طویل وقفے تک بجلی منقطع رہی ۔ موبائل نیٹ ورک ٹاورز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلع بھر میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ برہماور تعلقہ کے گاؤں کوٹاتھٹو میں رتنا کے ایک مکان کی سیمنٹ اور ٹائل کی چھت کو نقصان پہنچا جس سے 30,000 روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ کندا پور تعلقہ کے ہلاناڈو گاؤں میں ایک مکان کی چھت پر درخت گر گیا جس کے نتیجے میں 10,000 روپے کا نقصان ہوا۔
اڈپی تعلقہ کے شیولی گاؤں میں ایک گھر پر ایک درخت گر گیا جس سے 25000 روپے کا نقصان ہوا ہے ۔
کندا پور تعلقہ کے کاوراڈی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک مکان کی چھت اور دیواروں کو نقصان پہنچا جس سے 10,000 روپے کا نقصان ہوا ہے۔ الیور گاؤں میں مٹی کے تودا گرنے سے ایک گھر کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جس کا اندازہ 20,000 روپے لگایا گیا ہے ۔
بیندور تعلقہ کے جڈکل گاؤں میں سداشیوا شیٹی کے گائے کے باڑے پر درخت گر گیا جس سے 10،000 روپے کا نقصان ہوا ہے ۔
دریں اثنا اڈپی شہر کی حدود میں کنیملکی میں رام چندر لین کے قریب ایک مکان پر درخت گر گیا ۔ جس کی وجہ سے قریب میں موجود بجلی کا کھمبا ٹوٹ گیا ۔ تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے ایک مکان پر درخت گرنے کا ایک اور واقعہ تونسے گاؤں کے ہوڈے سے سامنے آیا ہے ۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع میں اوسطاً 35.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تعلقہ وار بارش میں کارکلا (2.2 ملی میٹر)، کندا پور (53.8 ملی میٹر)، اڈپی (62.0 ملی میٹر)، بیندور (74.8 ملی میٹر)، برہماور (25 ملی میٹر)، کاپ (9.6 ملی میٹر) اور ہیبری (21.2 ملی میٹر) شامل ہیں ۔