ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں پیر، 12 مئی کو آدھے گھنٹے کا بلیک آؤٹ؛ ہنگامی حالات کے لیے شہریوں کی تیاری کے لیے ماک ڈرل

بھٹکل میں پیر، 12 مئی کو آدھے گھنٹے کا بلیک آؤٹ؛ ہنگامی حالات کے لیے شہریوں کی تیاری کے لیے ماک ڈرل

Sun, 11 May 2025 21:50:02    S O News
بھٹکل میں پیر، 12 مئی کو آدھے گھنٹے کا بلیک آؤٹ؛ ہنگامی حالات کے لیے شہریوں کی تیاری کے لیے ماک ڈرل

بھٹکل، 11 مئی (ایس او نیوز): اتر کنڑا ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر بھٹکل، مرڈیشور سمیت پورے تعلقہ میں پیر، 12 مئی کو شام 7:30 سے 8:00 بجے تک آدھے گھنٹے کے لیے مکمل بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔ یہ اقدام ہند و پاک کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کے طور پر، تربیتی مشق (ماک ڈرل) کے تحت کیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی مسٹر مہیش نے بھٹکل، مرڈیشور اور دیگر علاقوں کے تمام عوام سے درخواست کی ہے کہ اس ماک ڈرل کے دوران تمام گھروں، دکانوں اور تجارتی اداروں کو آدھے گھنٹے کے لیے اپنی تمام لائٹس بند رکھنی ہوں گی اور تمام افراد اپنے گھروں میں رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بلیک آؤٹ کے دوران اسٹریٹ لائٹس بھی بند کی جائیں گی تاکہ مکمل بلیک آؤٹ کی کیفیت پیدا کی جا سکے۔

ڈی وائی ایس پی کے مطابق، اس آدھے گھنٹے کے بلیک آؤٹ کے دوران عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر نہ چلائیں اور ٹریفک کا نظام مکمل طور پر بند رہے تاکہ راستوں پر مکمل خاموشی اور حفاظتی مشق کی فضا قائم کی جا سکے۔

انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مشق میں بھرپور تعاون کریں اور اس موقع کو اپنی حفاظتی تیاری کو جانچنے کے ایک سنہری موقع کے طور پر استعمال کریں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور وزیر داخلہ جی. پرمیشور نے ہند-پاک کشیدگی کے تناظر میں ساحلی کرناٹک کو حساس قرار دیتے ہوئے وہاں خصوصی حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی تھی۔ ان کے مطابق، بنگلور اور رائچور کے بعد ضلع اُترکنڑا کو بھی حساس اضلاع کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جہاں شہریوں کو ہنگامی حالات کے لیے ماک ڈرلز کے ذریعے تربیت دی جانی چاہیے۔

اطلاعات کے مطابق، بنگلور اور رائچور میں ایسی مشقیں پہلے ہی مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ اُترکنڑا ضلع کے کاروار اور بھٹکل میں پیر، 12 مئی کو یہ بلیک آؤٹ ڈرل انجام دی جائے گی۔ کاروار میں ماک ڈرل کا آغاز شام 4 بجے سے ہوگا، اور بھٹکل کی طرح وہاں بھی شام 7:30 بجے سے بلیک آؤٹ کیا جائے گا


Share: