بھروچ 29/ڈسمبر (ایس او نیوز/پی ٹی آئی): گجرات کے بھروچ ضلع کے دہیج میں واقع کیمیکل فیکٹری میں زہریلی گیس کے لیک ہونے سے چار مزدور ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے اتوار کو اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ ہفتے کی رات تقریباً 10 بجے گجرات فلورو کیمیکلز لمیٹڈ (جی ایف ایل) کے پروڈکشن پلانٹ میں پیش آیا، جہاں پائپ لائن سے زہریلی گیس لیک ہونے کے سبب چار مزدور بے ہوش ہو گئے۔ دہیج پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بی ایم پاٹیدار نے بتایا کہ متاثرین کو فوراً بھروچ کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم، تین مزدوروں کی موت اتوار کی صبح تین بجے اور چوتھے مزدور کی موت چھ بجے ہوئی۔
انسپکٹر نے مزید کہا، "رات 10 بجے کے قریب کمپنی کے سی ایم ایس یونٹ کے گراؤنڈ فلور پر پائپ لائن سے گیس لیک ہوئی۔ اس وقت چار مزدور بے ہوش ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہو سکے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے، اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔"
پولیس نے ہلاک ہونے والے مزدوروں کی شناخت راجیش کمار (گجرات کے رہائشی)، مدریکا یادو (جھارکھنڈ کے رہائشی)، سشیت پرساد اور مہیش نندلال (دونوں اتر پردیش کے رہائشی) کے طور پر کی ہے۔
جی ایف ایل کے ڈپٹی جنرل منیجر جِگنیش پرمار نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔