
بینگلورو ،23 / مارچ (ایس او نیوز) بینگلورو میں کل شام کو شدید طوفانی برسات ہوئی جس کے دوران ایک تین سالہ بچی اس وقت ہلاک ہوگئی جب وہ اس چلتی ہوئی بائک پر ایک درخت کی شاخ ٹوٹ کر گری جس پر وہ اپنے والد کے ساتھ سوار تھی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہلوک لڑکی کا نام رکھشا ہے ۔ رات 8:30 بجے کے قریب پوروا پارک کے علاقے میں بائک پر درخت کی شاخ گرنے سے وہ بری طرح زخمی ہوگئی اور جبکہ اس کے والد کو معمولی چوٹیں آئیں ۔ زخمی رکھشا کو فوری طور پر بورنگ اسپتال لے جایا گیا مگر سر کی چوٹ سے بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اس نے دم توڑ دیا ۔
بھاری برسات کی وجہ سے کیمپے گوڈا ایئر پورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ۔ اندرون ملک اور انٹرنیشنل طیاروں کی 20 فلائٹس کا رخ چینئی اور کوئمبتور ایئر پورٹس کی طرف موڑ دیا گیا ۔ ان میں حیدرآباد، ممبئی، درگاپور، وجئے پورم، دہلی، وشاکھاپٹنم، ائیزوال جیسی اندرون ملک فلائٹس کے علاوہ ماریشیس اور پورٹ بلیئر سے آنے والی فلائٹس بھی شامل تھی ۔ ایئر پورٹ افسران کے مطابق 10 فلائٹس کی پروازوں کو موخر بھی کیا گیا ۔