ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں نامکمل ہائی وے کاموں سے نکاسیٔ آب متاثر، کچرے اور گندے پانی سے عوام پریشان

بھٹکل میں نامکمل ہائی وے کاموں سے نکاسیٔ آب متاثر، کچرے اور گندے پانی سے عوام پریشان

Wed, 17 Jun 2026 20:09:52    S O News
بھٹکل میں نامکمل ہائی وے کاموں سے نکاسیٔ آب متاثر، کچرے اور گندے پانی سے عوام پریشان

بھٹکل،  17 / جون (ایس او نیوز) شہر کے قلب میں موجود نیشنل ہائی وے پر جہاں روزانہ ہزاروں افراد اور موٹر گاڑیوں کی مسلسل آمد و رفت جاری رہتی ہے وہاں نامکمل توسیعی کام کی وجہ سے بنی ہوئی رکاٹوں کے ساتھ ہائی وے سے متصل نالیوں اور خالی علاقوں میں کچروں کے ڈھیر اور گھروں کے گندے پانی کی نکاسی کی وجہ پوری فضا آلودہ ہوگئی ہے جس کا حل نکالنے کے تعلق سے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہو رہی ہے ۔
    
مثال کے طور پر بس اسٹینڈ کے قریب نور مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے پر درمیان میں پائپ بچھا کر مٹی ڈھانپ دی گئی ہے ۔ پائپ کا ایک دہانہ کھلا ہوا ہے اور پچھلے کچھ دنوں سے اس میں سے گندگی اور کچرا بہہ کر نالے میں جمع ہو رہا ہے ۔ یہ گندگی کہاں سے بہہ کر آ رہی ہے اس کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے ۔ 
    
برسات کے موسم میں یہ بات عام ہوتی ہے کہ شہر کے گھروں کا گندہ پانی برسات کے پانی کے ساتھ مل کر بہنے لگتا ہے اور بارش زیادہ ہونے کی صورت میں یہ گندہ پانی  سڑکوں پر بہتا ہے ۔ اسکول اور کالج جانے والے طلبہ، اسپتالوں میں جانے والے مریض، سرکاری کام یا اپنے ذاتی کام سے نکلنے والے عوام کے آنے جانے کی راہ میں اس سے بڑی مشکلات پیدا ہوتی ہیں ۔

bhatkal-garbage-dirty-2

 گندے پانی اور کچرے کی بدبو سے نہ گھروں میں رہنے والے محفوظ ہیں اور نہ ہی دکانیں چلانے والے اور مسجدوں میں نماز کے لئے جانے والوں کے لئے اس سے بچنا ممکن ہے ۔ اس گندگی اور فضائی آلودگی کی وجہ سے وبائی بیماریاں پھیلنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں ۔ 
    
چونکہ برسات کا موسم شروع ہونے کے باوجود پانی برسنے کی مقدار بہت ہی کم ہے، اس لئے گندے پانی اور کچرے کی اس صورتحال کے بدترین اثرات ابھی سامنے نہیں آئے ہیں ۔ لیکن توقع کے مطابق 21 جون سے بارش تیز ہونے لگی تو پھر حالت خراب ہو سکتی ہے ۔ 
    
مسئلہ یہ ہے کہ اس تعلق سے سرکاری افسران کو کسی بھی قسم کی تشویش نہیں ہوتی ۔ اس کا حل نکالنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جاتی ۔ 
    
عوام کا مطالبہ ہے کہ نالے تعمیر کرنے کا نامکمل برسات میں تیزی آنے سے پہلے پورا کیا جائے ۔ اور ڈرینیج کے بگڑے ہوئے نظام کو درست کر دیا جائے ۔ اس ضمن میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے این ایچ اے کے افسران کو واضح ہدایت جاری کی جانی چاہیے ۔ 
    
اس کے علاوہ عوام کی طرف سے یہ مانگ بھی کی جا رہی ہے کہ لوگوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے  بے پروا افسران کے خلاف کڑی کارروائی ہو ۔ 

Click here for report in English


Share: