
کاروار ،25 / اپریل (ایس او نیوز) سٹی میونسپل کاونسل کے سابق کاونسلر ستیش کولنکر کے قتل کے سلسلے میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع ایس پی نارائین ایم نے بتایا کہ ستیش کے قتل میں نتیش تانڈیل، نتیانند ہریکنترا اور سریندرا نائک شامل ہیں ۔
قتل کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے ضلع ایس پی نے بتایا کہ ستیش نے سی ایم سی کی ایک دکان نتیش سے ماہانہ تیس ہزار روپے کرایے پر لی تھی اور اس کے لئے چار لاکھ روپے ڈپازٹ کی شکل میں دئءے تھے ۔ کاروبار ٹھیک طریقے نہ چلنے کی وجہ سے ستیش نے تین چار مہینے کے اندر دکان بند کر دی اور نتیش سے دکان کے لئے دیا گیا ڈپازٹ واپس طلب کیا ۔ مگر نتیش ٹال مٹول کرتا رہا جس کی وجہ سے ان دونوں کے بیچ بار بار جھگڑے اور مارپیٹ کے واقعات پیش آتے رہے ۔ اس تعلق سے پولیس کے پاس بھی شکایت درج ہوئی تھی ۔
بار بار تقاضے کے بعد نتیش نے ڈپازٹ کے چار لاکھ روپوں میں سے صرف 3.40 لاکھ روپے واپس لوٹائے ۔ اسی بات کو لےکر تنازعہ بڑھ گیا جس کے بعد نتیش نے ستیش کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ اس طرح 20 اپریل کے دن ستیش کو سڑک پر جھگڑے کے دوران چاقو گھونپ کر ہلاک کر دیا گیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات انجام دینے کے بعد ملزم نتیش گوا کی طرف فرار ہوگیا اور وہاں ساحل پر موجود بار کے اندر اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی میں مصروف ہوگیا ۔ کاروار پولیس کی ٹیم نے گوا پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے بعد پیچ نامے کے لئے جائے واردات پر لے جانے کے دوران ملزم نتیش پر پولیس پر حملہ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی ۔ پولیس سب انسپکٹر کمار کامبلے نے جوابی کارروائی میں اس کی ٹانگ پر گولی ماری جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگیا ۔ ملزم کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور زخمی ملزم کو علاج کے لئے ڈسٹرکٹ اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے ۔