بینگلورو 16 / اپریل (ایس او نیوز) نیشنل فشرمین ایسو سی ایشن کرناٹکا کے ایک وفد نے ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں ہوناور کے ٹونکا میں مجوزہ تجاتی بندرگاہ کی تعمیر، متعلقہ بندرگاہ سے رابطے کے لئے 5 کلو میٹر لمبی فور لین سڑک اور ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے کو رد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
ماہی گیروں کی قومی تنظیم کے ریاستی سیکریٹری چندرکانت کوچریکر کی قیادت میں اس وفد نے ریاستی کے وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ 'کاویری' میں ملاقات کی ۔
میمورنڈم میں کاسرکوڈ میں مجوزہ بندرگاہ اور اس سے متعلقہ سڑک اور ریلوے لائن وغیرہ کی تعمیر کے پس منظر میں ساحلی علاقے کی حساسیت اور ماہی گیروں کی رہائش، ان کے پیشے اور یہاں کے آبی جانداروں کو پہنچنے والے نقصان کے تعلق سے اہم نکات کو واضح کیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں پچھلے کئی برسوں سے اس منصوبے کے خلاف مقامی آبادی اور ماہی گیروں کی طرف سے اٹھائی گئی آواز اور پرامن احتجاجات کا حوالہ دیا گیا ہے ۔
میمورنڈم میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران موجودہ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیواکمار نے مجوزہ منصوبے کے مقام پر پہنچ کر مقامی باشندوں اور ماہی گیروں کا احوال سنا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ اگر کانگریس برسر اقتدار آتی ہے تو بندرگاہ اور اس سے متعلقہ تعمیرات کا منصوبہ رد کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے اس علاقے کے ماہی گیروں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی بھی یقین دہانی کی تھی ۔