
یلاپور19/فروری (ایس او نیوز):کسی گاڑی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک تیز رفتار لاری نے کار کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں کار پر سوار ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔ حادثہ بدھ کی علی الصبح آربیل گھاٹ پر پیش آئی۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت پی۔ آر۔ وینکٹیش، ان کی اہلیہ چیترا آر۔ (31)، اوران کے سات ماہ کے شیر خوار بیٹے سریہان کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب وجئے پورہ کے پرشانت کمبار نامی ڈرائیور کی لاری یلاپور سے انکولہ کی طرف تیز رفتاری سے جا رہی تھی۔ لاری نے آربیئل گھاٹ کے ماروتی مندر کے قریب ایک اور گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور اس دوران سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی جس میں مذکورہ خاندان سفر کر رہا تھا۔

ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ چیترا اور ان کا شیر خوار بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ وینکٹیش کو شدید زخمی حالت میں پہلے یلاپور اسپتال لے جایا گیا اوربعد میں دھارواڑ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
کار میں موجود وینکٹیش کے بھائی شریکانت ریڈی کو بھی شدید چوٹیں آئیں اور ان کے دونوں پیروں میں گہرے زخم آئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
یلاپور پولیس اسٹیشن میں لاری ڈرائیور پرشانت کمبار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس سب انسپکٹر یلّا لنگ کنّور کی قیادت میں تحقیقات جاری ہیں۔ سی پی آئی رمیش ہناپور اور سرسی ڈی وائی ایس پی گنیش کے۔ ایل۔ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ حادثے میں کار اور لاری دونوں بری طرح متاثر ہوئے۔