ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رن سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رن سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی

Mon, 23 Feb 2026 11:09:51    S O News
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رن سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی

کولمبو، 23 /فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے اہم مقابلے میں انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو یکطرفہ انداز میں 51 رنوں سے شکست دے کر نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی بلکہ سیمی فائنل کی دوڑ میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔ فل سالٹ کی نصف سنچری اور وِل جیکس کی شاندار آل راؤنڈر کارکردگی میچ کا رخ موڑنے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

پالیکیلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست دکھائی دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رن ہی بنا سکی۔ فل سالٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 62 رن بنائے جبکہ وِل جیکس نے 21 رن کا اضافہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھیکشنا اور دلشان مدوشنکا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دشمنتا چامیرا نے ایک وکٹ لی۔

147 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن انگلینڈ کے گیند بازوں کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم 16.4 اوورس میں صرف 95 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ حیران کن طور پر بیٹنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز کے باوجود میزبان ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور محض 34 رن پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

کپتان داسن شناکا نے مزاحمت کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 30 رن بنائے، جبکہ کامندو مینڈس (13)، دونیتھ ویلالاگے (10) اور مہیش تھیکشنا (ناٹ آؤٹ 12) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دہائی کا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔

انگلینڈ کی جانب سے وِل جیکس نے آل راؤنڈر کارکردگی دکھاتے ہوئے 22 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیام ڈاسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمی اوورٹن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے ٹی 20 فارمیٹ میں سری لنکا کے خلاف مسلسل 12ویں کامیابی کا ریکارڈ بھی برقرار رکھا اور سپر 8 مرحلے میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔


Share: