ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس معمر خاتون پر چڑھ گئی؛ دلخراش حادثہ میں معمر خاتون کی موت

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس معمر خاتون پر چڑھ گئی؛ دلخراش حادثہ میں معمر خاتون کی موت

Tue, 07 Jan 2025 01:01:17  IG Bhatkali   S O News
بھٹکل  شمس الدین سرکل کے قریب بس معمر خاتون پر چڑھ گئی؛ دلخراش حادثہ میں معمر خاتون کی موت

بھٹکل، 6 جنوری (ایس او نیوز): تعلقہ کے شمس الدین سرکل کے قریب پیر کی شام پیش آئے ایک دلخراش حادثے میں 68 سالہ معمر خاتون کی موت ہوگئی، جس کی شناخت شرالی چتراپور کی رہائشی لکشمی جٹّا نائک کے طور پر کی گئی ہے۔

حادثہ شام تقریباً 6:45 بجے اس وقت پیش آیا، جب بھٹکل سے بینگلور جانے والی ایک پرائیویٹ بس شمس الدین سرکل پر یوٹرن لے رہی تھی۔ اس دوران بس  راہ چلتی خاتون پر چڑھ گئی۔ خاتون کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن بدقسمتی سے وہ اسپتال میں جانبر نہ ہوسکیں اور دم توڑ گئیں۔

ذرائع کے مطابق، خاتون ایک زمین کے تنازعے کے سلسلے میں بھٹکل کے ایک وکیل سے ملاقات کرکے اپنے گھر واپس جا رہی تھیں، جب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا، جس کے نتیجے میں کچھ دیر کے لیے ٹریفک نظام درہم برہم رہا۔

بعد ازاں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور معاملہ درج کرلیا۔ بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی نوین واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

bhatkal-bus-accident-2.jpg

 


Share: