بھٹکل، 20 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے معروف سماجی کارکن جناب ائیکری ارشاد عرف ڈاٹا ارشاد، جو دوران سفر فلائٹ میں ہی انتقال کر گئے تھے، ان کی تدفین آج بعد نماز تراویح مسقط کے آل آمرت قبرستان میں کی جائے گی۔ مرحوم کا جسد خاکی فلائٹ کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسقط اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں تمام قانونی اور دستاویزی کارروائیاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، جنازے میں شرکت کے لیے بینگلور، دبئی اور دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں رشتہ دار اور قریبی احباب مسقط پہنچ چکے ہیں، جن میں مرحوم کے چچازاد بھائی، سمدھی و ساحل آن لائن کے نائب چیئرمین جناب عبدالمتین ائیکری بھی شامل ہیں، جبکہ بعض رشتہ داروں کی آمد باقی ہے۔ اسی وجہ سے تدفین بعد نماز تراویح تقریباً رات 10 بجے طے کی گئی ہے۔
مرحوم ڈاٹا ارشاد نہ صرف بھٹکل کے ایک فعال سماجی کارکن تھے، بلکہ وہ مختلف تنظیموں اور اداروں سے بھی وابستہ رہے۔ وہ مجلس اصلاح و تنظیم اور خلیفہ جماعت المسلمین کے سابق رکنِ انتظامیہ رہے، جبکہ وہ الفلاح اسپورٹس سینٹر کے بھی ایک سرگرم رکن تھے۔ علاوہ ازیں، وہ جالی پنچایت کے بھی سابق ممبرتھے اور بھٹکل تعلقہ لینڈ ٹریبونل کے ممبر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کی شخصیت نہایت ملنسار، خوش مزاج اور دوسروں کا دل جیتنے والی تھی۔ وہ ہمیشہ قوم و ملت کی بہتری کے لیے کوشاں رہے۔ مرحوم نے نہ صرف اپنی تینوں بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی بلکہ اپنی اہلیہ کو بھی سماجی خدمت کے لیے جالی پٹن پنچایت کی ممبر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی ایک بیٹی نے بیچلر آف لاء (LLB) کے ساتھ ماسٹر آف لاء (LLM) کی ڈگری بھی مکمل کی، جو ان کی تعلیمی فکر مندی کا واضح ثبوت ہے۔
مینگلور سے ابوظبی جانے کے دوران ، فلائٹ پر ہی ارشاد صاحب کے اچانک انتقال پر بھٹکل اور بیرون ملک مقیم ان کے جاننے والوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف سماجی و ملی تنظیموں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھٹکل مسلم جماعت مسقط کے صدر جناب ایم جے نثار، جنرل سکریٹری ابوالاعلیٰ محتشم سمیت دیگر اراکینِ انتظامیہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جنازے کی تدفین اور دیگر کارروائیاں جماعت کی جانب سے انجام دی جا رہی ہیں۔
اسی طرح، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری نے بھی ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت و جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین
اس رپورٹ سے منسلک، پہلے شائع شدہ رپورٹ
بھٹکل کے سماجی کارکن ڈاٹا ارشاد دبئی جانے کے دوران فلائٹ میں انتقال کرگئے