بھٹکل 29 مارچ (ایس او نیوز) سعودی عرب میں چاند دیکھے جانے کی اطلاعات کے بعد دبئی سمیت اکثر خلیجی ممالک میں اتوار، 30 مارچ کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق سعودی عرب کے علاوہ یمن، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور قطر میں بھی اتوار کو عید منائی جائے گی۔ تاہم، عمان اور ایران میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں عید الفطر پیر، 31 مارچ کو منانے کا سرکاری اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران، عمان، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی، آسٹریلیا وغیرہ ممالک میں چاند نظر نہ آنے کے باعث پیر کے روز عید ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رمضان کے 29 روزے مکمل ہونے پر چاند نظر آنے کی صورت میں سرکاری سطح پر رمضان المبارک کے اختتام اور عید کے آغاز کا اعلان کیا جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں کئی ممالک میں جدید ٹیکنالوجی، بشمول ڈرونز، کے ذریعے چاند دیکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ادھر، ہندوستان سمیت کئی ایشیاء ممالک میں سنیچر کو 28 روزے مکمل ہوگئے ہیں، جبکہ اتوار کو 29 روزے مکمل ہونے کے بعد شام میں چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ اگر چاند نظر آیا تو قاضی صاحبان کے فیصلے کے مطابق عید الفطر کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔