ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کی معروف شخصیت ڈاکٹرمحمد حنیف شباب کو ادبی خدمات کے اعتراف میں کرناٹک اُردو اکیڈمی کی جانب سے خصوصی اعزاز

بھٹکل کی معروف شخصیت ڈاکٹرمحمد حنیف شباب کو ادبی خدمات کے اعتراف میں کرناٹک اُردو اکیڈمی کی جانب سے خصوصی اعزاز

Sat, 01 Mar 2025 07:54:30    S O News
بھٹکل کی معروف شخصیت ڈاکٹرمحمد حنیف شباب کو ادبی خدمات کے اعتراف میں کرناٹک اُردو اکیڈمی کی جانب سے خصوصی اعزاز

بھٹکل یکم مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک اردو اکیڈمی کی جانب سے بینگلور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بھٹکل کے ممتاز تجزیہ نگار، ادیب، شاعر اور مصنف ڈاکٹر محمد حنیف شباب کو ان کی گراں قدر ادبی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انہیں پچاس ہزار روپے نقد انعام کے ساتھ تہنیت پیش کی گئی۔

ڈاکٹر محمد حنیف شباب، بھٹکل کے معروف نیوز پورٹل ساحل آن لائن سمیت کئی دیگر اُردو اخبارات سے بھی منسلک ہیں۔ آپ ممبئی سے شائع ہونے والے معروف روزنامہ انقلاب میں سب ایڈیٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پیشہ سے ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ، ڈاکٹر شباب ایک کہنہ مشق صحافی اور کامیاب استاد بھی ہیں۔ وہ بھٹکل کے قدیم اور بڑے سماجی ادارے مجلس اصلاح و تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ ملت کے نونہالوں کی اسلامی خطوط پر تربیت میں ان کا کردار نمایاں رہا ہے۔ ان کے دو شعری مجموعے "سلگتے خواب" اور "لہو لہو موسم" منظر عام پر آچکے ہیں، جبکہ ان کے کئی غیر مطبوعہ کلام ان کی شاعرانہ عظمت کے مظہر ہیں۔

اعزاز کی یہ تقریب 27 فروری، بروزجمعرات، بینگلور میں منعقد ہوئی، جس میں کرناٹک اردو اکیڈمی نے مختلف ادبی شعبوں سے تعلق رکھنے والی 35 شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا۔ ان میں ڈاکٹر محمد حنیف شباب سمیت 10 افراد کو خصوصی اعزاز کے طور پر 50 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ دیگر انعام یافتگان کو 25 ہزار اور 10 ہزار روپے کے نقد انعامات سے سرفراز کیا گیا۔

کرناٹک اردو اکیڈمی کی جانب سے یہ اعزاز اردو ادب اور صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لیے دیا جاتا ہے، جو زبان و ادب کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔


Share: