
کاروار، 10 / مارچ (ایس او نیوز) منشیات اور سائبر جرائم کے تعلق سے عوام میں بیداری لانے کے مقصد سے محکمہ پولیس نے 5 کلو میٹر طویل میراتھن کا انعقاد کیا جس میں سیکڑوں افراد نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق علی الصبح ٹیگور بیچ سے شروع ہونے والے اس میراتھن میں شرکاء کی تعداد 1500 سے بھی زائد تھی جو کہ پولیس کی توقعات سے بہت زیادہ رہی ۔ اس میراتھن میں برندا اچاریہ، ادیتی شریواستوا، جیا پٹیریا جیسے کنڑا فلم انڈسٹری کے ستاروں نے بھی شرکت کی ۔
رکن اسمبلی ستیش سئیل نے میراتھن کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے کہا کہ ضلع اتر کنڑا کو منشیات اور سائبر جرائم سے پاک ضلع بنانے کے لئے جو جد وجہد کی جا رہی ہے وہ نشانہ یقیناً پورا ہو کر رہے گا ۔
ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہا کہ ہر ایک انسان کو جسمانی طور پر صحت مند رہنے کے لئے ہر دن تھوڑا وقت ضرور نکالنا چاہیے ۔ ضلع میں منشیات پر قابو پانے کے لئے خصوصی کمیٹی موجود ہے اور یہ کمیٹی ضلع میں اپنا کام بخوبی انجام دے رہی ہے ۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم نارائین نے کہا کہ ضلع میں منشیات اور سائبر کرائمس کی روک تھام اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے مقصد سے اس میراتھن کا انعقاد کیا گیا ہے ۔
میراتھن کے شرکاء میں مردوں کے زمروں میں کارتیک آر نائک اول، سندیپ پجاری دوم اور گروراج ہیگڑے نے سوم مقام حاصل کیا جبکہ خواتین کے زمرے میں پوری ٹی ہریکنترا اول، سپریتا سی چینیّا دوم اور ساوتری میراشی نے سوم مقام حاصل کیا ۔