کاروار، 18 /جولائی (ایس او نیوز )ساحلی ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین ایم اے غفور نے کہا ہے کہ اتر کنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع میں مؤثر ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے بورڈ کو کم از کم 100 کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے باضابطہ درخواست کی جائے گی۔
کاروار میں ضلع انتظامیہ کے اجلاس ہال میں منعقدہ ساحلی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت کی جانب سے بورڈ کو صرف 10 کروڑ روپے دیے جا رہے ہیں، جو تینوں اضلاع کے ارکان اسمبلی، قانون ساز کونسل اور ارکان پارلیمنٹ کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے ناکافی ہیں۔
اجلاس میں ارکان نے ساحلی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے فنڈ میں نمایاں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایم اے غفور نے بتایا کہ بورڈ کے وفد نے کیرالہ کے کوچی اور تمل ناڈو کا مطالعاتی دورہ کیا ہے، جہاں واٹر میٹرو نظام کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بھی واٹر میٹرو شروع کرنے، جہاز سازی کے مراکز کو جدید بنانے، ہوناور میں نیا شپ بلڈنگ سینٹر قائم کرنے، ساحلی موسمیاتی تبدیلیوں پر ماہرین کی رپورٹ حاصل کرنے اور اُڑان اسکیم کے تحت سی پلین سروس شروع کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔
اجلاس میں منظوری دی گئی کہ 2026-27 کے ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت اور معیاری انداز میں عمل درآمد کیا جائے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی بھیمنا نائک، اُماناتھ کوٹیاں، رکن قانون ساز کونسل شانتارام بڈنا سدّی، گنپتی اُلویکر، ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دلیش ششی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا اور دیگر افسران موجود تھے۔