نئی دہلی ، 29/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)قومی دارالحکومت دہلی میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ 28 دسمبر کو پورا دن مطلع ابر آلود رہا، اور دسمبر کے مہینے میں ایک دن میں سب سے زیادہ بارش کا 101 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح 8:30 بجے تک 41.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث دن بھر درجہ حرارت معمول سے کم رہا۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی) کے مطابق، قومی دارالحکومت میں ایک دن میں سب سے زیادہ بارش 3 دسمبر 1923 کو ہوئی تھی، جو 75.7 ملی میٹر تھی۔ محکمہ موسمیات کے اہلکار کے مطابق، 1901 میں اعداد و شمار ریکارڈ کیے جانے کے بعد سے دسمبر 2024 ماہ کے حساب سے بارشوں کے لحاظ سے پانچواں سب سے زیادہ بارش والا مہینہ رہا ہے۔
واضح رہے کل کی صبح 8.30 بجے ختم ہونے والی 24 گھنٹے کی مجموعی بارش 1901 کے بعد دوسری سب سے زیادہ ہے۔ ماہانہ بارش پانچویں سب سے زیادہ ہے۔ صبح 8.30 بجے ختم ہونے والے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 24 گھنٹے کی مجموعی بارش 1901 کے بعد سے پانچویں سب سے زیادہ ہے۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق یہ بات ایک آئی ایم ڈی اہلکار نے بتائی ۔
آئی ایم ڈی نے کہا کہ فعال مغربی ڈسٹربنس اور مشرقی ہواؤں کے ساتھ اس کے تعامل کی وجہ سے دہلی-این سی آر سمیت شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15.8 ڈگری سیلسیس تھا جو کہ معمول سے 4.6 ڈگری کم ہے۔ ہفتہ کو ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 12.7 ڈگری سیلسیس تھا، جو موسم کی اوسط سے چھ ڈگری زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات نے آج گھنی دھند پڑنے کی پیشن گوئی کی ہے اور زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 17 اور 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔