نئی دہلی، 28/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی-این سی آر اور اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ جمعہ کی رات سے جاری بارش نے موسم کو انتہائی سرد بنا دیا ہے اور کئی مقامات پر بارش دیر رات تک جاری رہی۔ محکمہ موسمیات نے اتر پردیش کے متعدد اضلاع میں ہفتہ کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر بجلی گرنے کے خطرے کی وارننگ دی ہے۔ تیز ہواؤں اور مسلسل بارش کے پیش نظر میرٹھ اور سہارن پور میں ضلعی انتظامیہ نے آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 28 دسمبر تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے، جبکہ مظفرنگر میں 12ویں جماعت تک کے تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ویسٹرن ڈسٹربینس کی وجہ سے ملک کے بڑے حصے میں بارش اور برفباری ہوئی ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں 15 برسوں میں دسمبر میں سب سے زیادہ بارش درج کی گئی۔ جس سے دن کا درجہ حرارت یعنی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گر کر 14.6 ڈگری سیلسیس ہو گیا۔ دہلی میں کل 27 دسمبر کی رات ڈھائی بجے سے بارش ہو رہی تھی۔ دن کے درجہ حرارت میں 9.5 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ دیکھی گئی جو دسمبر میں گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے کم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو بھی عام طور پر آسمان میں بادل چھائے رہنے اور رک رک کر بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ صبح سے لے کر دوپہر تک ایک یا دو بار ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد باقی دن آسمان میں بادل چھائے رہیں گے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ زیادہ تر علاقوں میں دھند یا کہرا چھائے رہنے کے آثار ہیں اور صبح کے دوران الگ الگ مقامات پر درمیانی سطح کا کہرا رہے گا۔
حالانکہ فصلوں کے لیے یہ حالات بہت بہتر ہیں۔ کسانوں کو اب فصلوں کی آبپاشی نہیں کرنی پڑے گی۔ سرسوں کی اگیتی فصل کو تھوڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق کسانوں کو دھیان دینا ہوگا کہ کھیت میں پانی جمع نہ ہو۔ اگر بارش لگاتار ہوئی اور کھیت میں پانی جمع رہا تو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔