کاروار، 22 /جولائی(ایس او نیوز ) اتر کنڑا ضلع کی ہمہ جہت اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف محکموں کے افسران جامع اور مستقبل پر مبنی منصوبہ بندی کریں اور تفصیلی رپورٹ تیار کریں۔ یہ ہدایت ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے دی۔
وہ بدھ کے روز ضلع پنچایت کاروار کے اجلاس ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں، جس میں ضلع انسانی ترقی رپورٹ 2025 اور جامع و پائیدار ضلعی ترقی وژن پلان-2031 کو حتمی شکل دینے کے لیے ضلعی سطح کی شعبہ وار ذیلی کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی ترقی کے لیے تمام محکمے پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی ضروریات اور تجاویز تیار رکھیں، تاکہ متعلقہ محکموں کے وزراء یا اعلیٰ افسران کے دورۂ ضلع کے دوران انہیں پیش کیا جا سکے۔ اس سے ترقیاتی منصوبوں کی جلد منظوری اور عوام تک ان کے فوائد پہنچانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر دلیش ششینے کہا کہ 2018 کے سروے کے اعداد و شمار کا موجودہ صورتحال سے موازنہ کرتے ہوئے بے گھر اور بے زمین خاندانوں کی تازہ تعداد درج کی جائے۔ انہوں نے واٹر شیڈ، مائیکرو اریگیشن، زراعت اور باغبانی کے محکموں کو گزشتہ سات برسوں کے ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی سے متعلق معلومات یکجا کر کے رپورٹ میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں ضلع پنچایت کے ڈپٹی سیکریٹری ایم ایس اللہ بخش، چیف پلاننگ آفیسر سوم شیکھر میستااور مختلف محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔