ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈانڈیلی میں ڈاکٹر کو بلیک میل کرنے والے نقلی صحافی گرفتار

ڈانڈیلی میں ڈاکٹر کو بلیک میل کرنے والے نقلی صحافی گرفتار

Wed, 19 Feb 2025 18:03:15    S O News

ڈانڈیلی، 19 / فروری (ایس او نیوز) ڈانڈیلی کے لینن روڈ پر پریکٹس کرنے والے ڈاکٹر پر نقلی ڈاکٹر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے اسے بلیک میل کرنے اور 2.5 لاکھ روپے کا مطالبہ کرنے والے تین نقلی صحافیوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ 
    
پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین ہبلی کے رہنے والے ہیں جن کی شناخت وجئے شنکر میترانی، دھرم راج نارائن کٹھارے اور ستیش باغوان کے طور پر کی گئی ہے ۔ ان تینوں ملزمین نے اپنے آپ کو ہبلی کے وجئے نیوز سے تعلق رکھنے والے صحافی بتاتے ہوئے ڈانڈیلی میں نیچروپیتھی کی پریکٹس کرنے والے اشوک شمبھو پرب سے رابطہ کیا اور اس کے کلینک پر پہنچ کر دھمکی دی کہ تم نقلی ڈاکٹر ہو اس لئے تمہارے بارے میں نیوز بنا کر ہم اپنے چینل پر نشر کرنے والے ہیں ۔ پھر انہوں نے وجئے نیوز نامی یو ٹیوب چینل پر یہ رپورٹ نشر کر دی اور اشوک پرب سے فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اب تو صرف چھوٹے چینل پر نیوز نشر کی گئی ہے، اگر تم نے ہمیں 2.5 لاکھ روپے ادا نہیں کیے تو پھر یہ نیوز بڑے بڑے چینلوں پر عام کر دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ تعلقہ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ہوم منسٹری، پولیس کے اعلیٰ افسران کو ویڈیو بھیج کر اشوک پرب کی زندگی تباہ کر دیں گے ۔ 
    
اشوک پرب نے پولیس کے پاس درج کروائی گئی شکایت میں بتایا ہے کہ پیسے کی مانگ رکھتے ہوئے یہ نقلی صحافی بار بار اسے فون کرکے ہراساں کر رہے تھے ۔ پھر دو دن قبل وہ لوگ کلینک میں پہنچ کر رقم کا مطالبہ کرنے لگے ۔ اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم نے تینوں ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔ 


Share: