ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخابات: مکیش شرما کی حمایت میں مہاپنچایت کا انعقاد، اتم نگر کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کا وعدہ

دہلی اسمبلی انتخابات: مکیش شرما کی حمایت میں مہاپنچایت کا انعقاد، اتم نگر کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کا وعدہ

Mon, 06 Jan 2025 11:15:48  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی،  6/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے مغربی علاقے اتم نگر میں بندا پور مٹیالہ روڈ پر ایک عظیم مہاپنچایت کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے مکیش شرما کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنے نمائندے کے طور پر منتخب کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس مہاپنچایت نے مقامی سیاست میں ایک نیا موڑ لیا، جہاں عوام نے کسی بھی سیاسی جماعت سے بڑھ کر مکیش شرما کے حق میں اپنی حمایت کا اعلان کیا۔

مہاپنچایت میں مکیش شرما نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ علاقے کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہیں اور انہوں نے اس علاقے کو درپیش مسائل پر بات کی۔ عوامی سطح پر یہ عزم ظاہر کیا گیا کہ وہ اب پارٹیوں کے بجائے مہاپنچایت کے مشترکہ امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ مکیش شرما نے کہا، ’’مجھ سے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ میں انتخابات میں حصہ لوں۔ میرا انتخاب عوام لڑے گی اور میں اُتم نگر کو دوبارہ بہترین بنانے کے لیے اپنے آپ کو وقف کروں گا۔‘‘

انہیں مہاپنچایت میں پچوں کے ذریعے چاندی کا تاج پہنایا گیا اور عوام نے ان کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مکیش شرما نے کہا کہ ان کا مقصد علاقے کو ’جہنم‘ سے نکال کر ایک ترقی یافتہ علاقے کی شکل دینا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ماضی میں یہاں کے نمائندوں نے علاقے کی حالت زار کو نظر انداز کیا ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ ہم سب مل کر اُتم نگر کو بہتر بنائیں۔‘‘

مکیش شرما نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ علاقے کی تمام اہم ترقیاتی ضروریات کو پورا کریں گے، جیسے نئی سڑکوں کی تعمیر، اسکولوں کی سہولت، پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی بہتری۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس علاقے کو دوارکا کے برابر سہولتیں دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ مکیش شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اس علاقے کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

مہاپنچایت میں شریک ہزاروں افراد نے عوامی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں گزشتہ 11 برسوں میں کوئی اہم ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ مکیش شرما ہی واحد امیدوار ہیں جو علاقے کو موجودہ بدحالی سے نکال سکتے ہیں۔ ایک مقامی رہائشی نے کہا، ’’ہمیں مکیش شرما کی قیادت پر مکمل یقین ہے، انہوں نے پچھلے دور میں جو کام کیے ہیں، وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘‘

مہاپنچایت میں موجود عوام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مکیش شرما کی انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے گھر گھر جا کر ان کے حق میں مہم چلائیں گے۔ اس موقع پر ایک نوجوان رہائشی نے کہا، "ہم سب مکیش شرما کو منتخب کرنے کے لیے تیار ہیں، اس بار ہمیں تبدیلی چاہیے۔‘‘

دریں اثنا، صدر بازار اسمبلی سے کانگریس امیدوار انیل بھاردواج کے حق میں دہلی کانگریس کے صدر دیوندر یادو نے شاستری نگر بلاک میں ایک پیدل یاترا کی، جس میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے شرکت کی۔ یاترا کے دوران علاقے کے لوگوں نے دیوندر یادو اور انیل بھاردواج کا پھولوں کی مالا سے استقبال کیا۔ پیدل یاترا میں علاقے کے لوگوں نے عام آدمی پارٹی کے موجودہ ممبر اسمبلی کی طرف سے صدر بازار کی حالت زار کو نظر انداز کرنے اور علاقے کی بدحالی پر بات کی۔ علاقے کی عوام نے اپنے محبت اور حمایت سے یہ ثابت کر دیا کہ اس بار وہ تبدیلی کے حق میں ہیں۔


Share: