ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی: دن دہاڑے فائرنگ کرکے کانگریس لیڈر اور سابق گرام پنچایت صدر کا قتل

اڈپی: دن دہاڑے فائرنگ کرکے کانگریس لیڈر اور سابق گرام پنچایت صدر کا قتل

Fri, 07 Aug 2026 23:51:37    S O News
اڈپی: دن دہاڑے فائرنگ کرکے کانگریس لیڈر اور سابق گرام پنچایت صدر کا قتل

اڈپی 7/اگست (ایس او نیوز): اڈپی ضلع کے مودرنگڈی میں جمعہ کو دن دہاڑے فائرنگ کرکے ایک شخص کا قتل کردیا گیا، جس کی شناخت کانگریس لیڈر، مودرنگڈی گرام پنچایت کے سابق صدر اور پیشے سے تاجر ڈیوڈ ڈیسوزا (55) کے طور پر کی گئی ہے۔

واردات مودرنگڈی بازار میں ڈیوڈ ڈیسوزا کے دفتر کے قریب دوپہر تقریباً 3 بجے پیش آئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ ایک نامعلوم شخص ڈیوڈ ڈیسوزا کی کار کا چکر لگاتا ہے، پھر ڈیوڈ کی کنپٹی پر اس وقت پستول رکھ کر گولی چلاتا ہے جب وہ کار کا دروازہ کھول کر اندر جانے ہی والا تھا۔ جیسے ہی ڈیوڈ نیچے گرتے ہیں، حملہ آور ان پر مزید دو راؤنڈ فائرنگ کرتا ہے اور پھر انتظار میں کھڑی ایک بائیک پر بیٹھ کر موقع سے فرار ہوجاتا ہے۔

پتہ چلا ہے کہ شدید زخمی ڈیوڈ ڈیسوزا کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی ان کی موت ہوگئی۔

ڈیوڈ کی لاش پہلے شیروا کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جائی گئی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے مزید طبی و قانونی کارروائی کے لیے منی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔

واردات کی اطلاع ملنے پر پڈوبیدری اور شیروا پولیس اسٹیشنوں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Share: