ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / این ایس یو آئی کے قومی صدر نے جگدل پور سے ’جے باپو، جے بھیم، جے سمویدھان‘ مہم کی شروعات

این ایس یو آئی کے قومی صدر نے جگدل پور سے ’جے باپو، جے بھیم، جے سمویدھان‘ مہم کی شروعات

Mon, 06 Jan 2025 10:55:05  Office Staff   S.O. News Service

جگدل پور، چھتیس گڑھ: 6/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے قومی صدر ورون چودھری نے آج چھتیس گڑھ کے جگدل پور میں ’جے باپو، جے بھیم، جے سمویدھان (دستور)‘ مہم کا شاندار آغاز کیا۔ اس تقریب میں چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیپک بیج سمیت کئی اہم لیڈران بھی شریک ہوئے۔ مہم کے دوران ورون چودھری نے نوجوانوں سے آئینی اقدار کے تحفظ اور سماجی مساوات کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔

تقریب میں قبائلی طلبہ اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے ورون چودھری نے قبائلی برادری کے روشن مستقبل میں تعلیم کی اہمیت، آئینی حقوق کے تحفظ اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آئین کے تحت قبائلی برادری کو دیے گئے 7.5 فیصد ریزرویشن اور جنگلات کی زمین کے حقوق پر روشنی ڈالی۔ چودھری نے موجودہ حکومت کی طرف سے قبائلی فلاح و بہبود کو نظرانداز کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے میدان میں مختص نشستیں خالی رہ جاتی ہیں اور وظیفے کے بجٹ میں کٹوتی کی جاتی ہے، جو قبائلی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

ورون چودھری نے بیرسا منڈا اور جے پال سنگھ منڈا جیسے عظیم قبائلی رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور طلبہ کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں تعلیم کو اولین ترجیح دینی چاہیے، اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے اور معاشرتی اتحاد سے روشن مستقبل کی تعمیر کرنی چاہیے۔ یہ جدوجہد ہی آپ کی کامیابی کی کنجی ہے۔‘‘

اس مہم کا مقصد آئین میں درج قبائلی برادری کے حقوق اور مواقع سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ چودھری نے این ایس یو آئی کی قبائلی تعلیم اور نمائندگی کے ذریعے طاقتور بنانے کی مہم میں عزم کا اعادہ کیا۔ یہ پروگرام نہ صرف آئینی اقدار کو عام کرنے کا ایک ذریعہ تھا بلکہ اس نے قبائلی طلبہ کے لیے مواقع اور ترقی کے دروازے کھولنے کی نئی راہیں متعارف کروانے کی جانب قدم بڑھایا ہے۔


Share: