بھٹکل ،30 / اپریل (ایس او نیوز) کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک کی سرحدوں پر جو کشیدگی پیدا ہوئی ہے اس پس منظر میں بھٹکل کے ساحلی علاقے میں موجود ماہی گیری کی پانچ بندرگاہوں اور ماہی کشتیوں کی گودیوں پر کوسٹ گارڈ کی طرف سے سخت چوکسی برتی جا رہی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ بحیرہ عرب میں اجنبی کشتیوں کی حرکات و سکنات سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں کوسٹل سیکیوریٹی پولیس کی ٹیمیں سرگرم ہوگئی ہیں اور سمندر میں گشت بڑھا دیا گیا ہے ۔ ماہی گیر کشتیوں کی آمد و رفت کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ بندرگاہوں اور گودی کی طرف لوٹنے والی کشتیوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ بھٹکل کے ماوین کوروے بندگاہی علاقے میں 62، تینگن گنڈی میں 25-35، الوے کوڈی میں 35 مزدور ایسے ہیں جو دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ان کی چال چلن اور سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ چونکہ بھٹکل میں بندرگاہ کی پہاڑی پر موجود لائٹ ہاوس پر راڈار بھی نصب کیے گئے ہیں، اس سے ساحلی علاقے کو تحفظ فراہم کرنے میں کوسٹ گارڈ کو بڑی مدد مل رہی ہے ۔
اس کے علاوہ مشہور سیاحتی مرکز مرڈیشور کے ساحل پر بھی نگرانی تیز کر دی گئی ہے ۔ مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کے معاملات بھی دیکھنے کو ملے ہیں ۔ ماہی گیر کشتیوں اور مچھیروں کی نگرانی بھی ہو رہی ہے ۔