بھٹکل، 6 اپریل (ایس او نیوز): بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی کی جانب سے شہر کے تمام 23 وارڈوں میں صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے۔ اس مہم کے تحت سڑکوں کے کناروں اور دیگر مقامات پر جمع شدہ کچرے کو ہٹایا جا رہا ہے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور صحت مند رکھا جا سکے۔ اس کی اطلاع میونسپالٹی کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری نے دی ہے۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ میونسپالٹی کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں کا کچرا سڑکوں یا کھلے میدانوں میں پھینکنے کے بجائے، میونسپالٹی کی جانب سے فراہم کردہ کچرا اُٹھانے والی گاڑیوں کو صبح کے وقت حوالے کریں۔
الطاف کھروری نے مزید بتایا کہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے میونسپالٹی کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، لیکن اگر اس کے باوجود کوئی شخص راستوں یا خالی جگہوں پر کچرا پھینکتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی.