ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایس آئی آر کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مہم چلانے کا اعلان، گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے: ابھیجیت دِپکے

ایس آئی آر کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مہم چلانے کا اعلان، گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے: ابھیجیت دِپکے

Mon, 09 Nov 2026 10:52:49    S O News

کوچی ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دپکے نےاعلان کیا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف اپنی مہم کو ملک گیر سطح پر لے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کے دوران قومی پرچم لہرانے سے انہیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی، حتیٰ کہ گرفتاریاں بھی ان کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔کوچی میں منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ابھیجیت دپکے نے الزام لگایا کہ مودی حکومت عوام کے کھانے پینے کی پسند، ذاتی تعلقات اور حق رائے دہی تک کو اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی آر کی کارروائی کو انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ احتجاج سی جے پی کی ’جنتر منتر ایٹ کوچی‘ مہم کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ احتجاجی مارچ کا آغاز کوچی کے میرین ڈرائیو سے ہوا اور اختتام راجندر میدان پر ہوا۔ منتظمین کے مطابق مارچ میں تقریباً ۵؍ ہزار کارکنان نے شرکت کی۔ معروف اداکار پرکاش راج نے پرجوش انداز میں اس مارچ کی قیادت کی۔

واضح رہے کہ ابھیجیت دپکے کا یہ بیان دہلی میں ان کی گرفتاری کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ دپکے نے ان گرفتاریوں کا موازنہ برطانوی دور حکومت کے جبر سے کیااور کہا کہ وہ ملک کے ہر حصے میں ترنگا لے کر جائیں گے اور اسے لہراتے رہیں گے۔انہوں نے کہا، ’’مجھے اس ترنگے کو بلند کرنے کی پاداش میں جیل بھیجا گیا۔ میرے دو بھائی سورَو اور آشو کو بھی اسی جرم میں جیل بھیجا گیا۔ ہندوستان میں آخری مرتبہ ایسا اس وقت ہوا تھا جب ہم پر انگریزوں کی حکمرانی تھی۔‘‘ انہوں نے وزیر اعظم  مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میں اب  اس ترنگے کو ملک کے ہر حصے  میں لے جائوں گا  اوراسے لہرائوںگا ۔ اگر آپ مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں تو دہلی، مہاراشٹر، کیرالا یا تمل ناڈو، کہیں سے بھی گرفتار کر سکتے ہیں بلکہ  ملک کے کسی بھی  حصے سے مجھے گرفتار کر لیجیے، لیکن میں دوبارہ واپس آؤں گا اور اس ترنگے کو مزید بلند کرکےلہرائوں گا۔‘‘


Share: