ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو پولیس کمشنر کی تنبیہ : سوشیل میڈیا پر فرقہ وارانہ نفرت انگیزی کے خلاف ہوگی کڑی کارروائی

منگلورو پولیس کمشنر کی تنبیہ : سوشیل میڈیا پر فرقہ وارانہ نفرت انگیزی کے خلاف ہوگی کڑی کارروائی

Thu, 08 May 2025 13:52:17    S O News
Anupam Agrawal 3

منگلورو،  8 / مئی (ایس او نیوز) منگلورو پولیس کمشنریٹ کی جانب سے عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جو لوگ بھی سوشیل میڈیا پر فرقہ وارانہ نفرت انگیزی کو ہوا دینے والے، جھوٹی معلومات مبنی اور دھمکی آمیز مواد پوسٹ کرے گا اس کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔
    
حالیہ دنوں میں فیس بک، انسٹا گرام اور وہاٹس ایپ جیسے سوشیل میڈیا پیلٹ فارمس پر بڑھتے ہوئے اس قسم کے جرائم کے حوالے سے پولیس کمشنر انوپم اگروال نے کہا کہ محکہ پولیس اسے بڑی سنجیدگی سے لے رہا ہے ۔ ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس تعلق سے 30 سے زائد کیس درج کیے جا چکے ہیں ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ سی ای این کرائم پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم ان معاملات کی تفتیش کر رہی ہے ، اور کئی افراد سے پوچھ تاچھ کی جا چکی ہے ۔ 
    
پولیس کمشنر نے مزید بتایا کہ بیرون ملک سے رجسٹر کیے گئے کچھ جعلی اکاونٹس اور پروفائلس سے بعض افراد نفرت اور دشمنی پر مبنی مواد پوسٹ کر رہے ہیں ۔ لیکن ایسے اکاونٹس چاہے جہاں سے بھی یہ بنائے گئے ہوں، ان کا بھی پتہ لگایا جا سکتا ہے اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔ 
    
انہوں نے نئی نسل کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سوشمیل میڈیا پر کسی بھی قسم کا مواد پوسٹ کرنے سے پہلے اسے اپنے مستقبل اور آنے والی زندگی کی فکر کرنی چاہیے ۔ 
    
پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نفرت انگیز مواد فارورڈ کرنے سے بچیں اور ایسے مواد کو آگے بڑھانے کے بجائے سی ای این پولیس اسٹیشن کو اس سے آگاہ کرتے ہوئے ضروری معلومات فراہم کریں تاکہ افسران اس کے خلاف مناسب کارروائی کرسکیں ۔ 
    
سوشیل میڈیا پر پھیلائی جا رہی نفرت انگیزی روکنے کے لئے بھارتیہ ناگرک سرکھشا سنہیتا (بی این ایس ایس) قانون کی دفعات 126 اور 129 کا اطلاق کیا جا رہا ہے ، جس کے تحت اس قسم کے جرم کا ارتکاب کرنے والے افراد سے ایک متعینہ عرصے کے لئے اچھے اور بہتر رویے کا مظاہرہ کرنے کا تحریری وعدہ لیا جاتا ہے ۔ اس عرصے کے دوران اگر وہ اسی قسم کے جرم کا اعادہ کرتا ہے تو پھر اس صورت میں جرمانہ یا قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔ 
    
پولیس کمشنر نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ منگلورو کو ایک پرامن ، قانون کی بالادستی والا اور متحد شہر بنانے کی سمت میں  تعاون کرتے ہوئے سوشیل میڈیا کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں ۔

بی این ایس ایس قانون کے تحت قابل سزا جرائم : 
1۔ دفعہ 196 : سماج کے مختلف طبقات کے درمیان نفرت پیدا کرنا ۔ پانچ سال کی قید یا جرمانہ یا پھر دونوں ۔
2۔ دفعہ 192 : فساد یا تشدد برپا کرنا - چھ ماہ کی قید، یا جرمانہ یا دونوں ۔
3۔ دفعہ 351 (1) : دھمکیاں دینا - سات سال تک قید یا جرمانہ یا دونوں۔
4۔ دفعہ 351 (1) (a) : آن لائن نفرت انگیز تقریرکرنا -  دو سال تک کی قید یا جرمانہ یا پھر دونوں ۔
5۔ دفعہ 353(1) اور 353 (2) : غلط معلومات، جعلی خبریں عام کرنا - تین سال تک کی قید یا جرمانہ یا دونوں ۔


Share: