ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کلیان کرناٹک کو بجٹ میں نظر انداز کرنے پر مرکزی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کی وارننگ

کلیان کرناٹک کو بجٹ میں نظر انداز کرنے پر مرکزی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کی وارننگ

Tue, 28 Jan 2025 11:45:38    S.O. News Service
کلیان کرناٹک کو بجٹ میں نظر انداز کرنے پر مرکزی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کی وارننگ

  گلبرگہ  ، 28/جنوری (ایس او نیوز /شاکر ایم اے حکیم )کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کے قائدین نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے خصوصی مراعات کے تحت نئی اسکیموں کا اعلان کرے۔ گلبرگہ میں ہونے والی صحافتی کانفرنس میں شری بسواراج دیشمکھ، اعزازی صدر کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی اور دیگر عہدیداروں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ آئین کے آرٹیکل 371 (جے) کے تحت اعلان کردہ خصوصی مراعات کو عمل میں لائے۔ ان قائدین کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت نے اس علاقے کو خصوصی درجہ تو دیا ہے، مگر عملاً اس کے ساتھ سوتیلا سلوک جاری ہے۔

کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی نے 11 سالوں سے مرکزی حکومت کے ساتھ نا انصافی کے خلاف مسلسل جدوجہد کی ہے اور اس بار بھی انتباہ دیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت آنے والے بجٹ میں اس علاقے کو نظر انداز کرتی ہے تو وہ اس کے خلاف ایک بیداری مہم چلائے گی اور مستقل اقدامات کے ذریعے احتجاج کرے گی۔ سمیتی نے جنوری کے دوسرے ہفتے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا تھا جس میں 13 اہم مطالبات پیش کیے گئے تھے۔ ان مطالبات میں کلیان کرناٹک کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے مرکزی حکومت کے ذریعے پہلے سے منظور شدہ اسکیموں کی تکمیل اور نئے مطالبات پر زور دیا گیا ہے۔

رکن پارلیمنٹ رادھا کرشن دوڈمنی نے مرکزی حکومت کو پیش کیے گئے مطالبات کی تائید کی اور اس بات کا یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔ ان مطالبات میں اہم سڑکوں، ریلوے لائنوں، ہوائی جہازوں کے روٹس، اور دیگر منصوبوں کی تکمیل شامل ہے۔ اس کے علاوہ، کلیان کرناٹک میں ایمس جیسے اہم پروجیکٹس کی منظوری کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر صحت کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مرکزی حکومت کلیان کرناٹک میں بھاری صنعتوں کے قیام کے لیے اقدامات کرے تاکہ بے روزگاری میں کمی  نہ آئے اور علاقے کی معاشی ترقی ممکن ہو سکے۔ ان مطالبات میں علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے مرکزی حکومت کے خصوصی پیکیج کی منظوری بھی شامل ہے۔ سمیتی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئندہ بجٹ میں کلیان کرناٹک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔


Share: