منگلورو، 29/ اپریل (ایس او نیوز) شہر کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل میں تعینات ایک خاتون ماہر غذائیات (dietitian) کے سوشیل میڈیا پوسٹ کو ملکی مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے پولیس نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ دوسری طرف اسپتال کی انتظامیہ نے اسے معطل کر دیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ہاسپٹل اسٹاف نے حالیہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے کشیدہ پس منظر میں جو میسیج سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا وہ کچھ اس قسم کا تھا کہ اس کے وائرل ہوتے ہی دائیں بازو کی تنظیمیں اس کے خلاف حرکت میں آ گئیں ۔ حالانکہ اب وہ میسیج سوشیل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے مگر خبر ہے اس کے اسکرین شاٹس وائرل کیے جا رہے ہیں ۔
پولیس کمشنر انوپم اگروال نے بتایا کہ مذکورہ ہاسپٹل اسٹاف کے خلاف پولیس نے بی این ایس قانون کی دفعات 196(1)(a) اور 353(2) کے تحت از خود کیس درج کیا ہے ۔ اس کا فون ضبط کیا گیا ہے اور اسے نوٹس دی گئی ہے ۔
پتہ چلا ہے کہ متعلقہ خاتون اسٹاف جس اسپتال میں تعینات تھی وہاں کے ایچ آر شعبہ کی طرف سے پولیس کے پاس شکایت بھی درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس کی طرف سے تحقیقات جاری ہے ۔