بھٹکل ،27 / مئی (ایس او نیوز) دو دن قبل شہر میں پیش آئے ہوئے مورین کٹے تنازعہ کے تعلق سے بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کے سامنے گروہ کی شکل میں جمع ہونے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے اور پولیس محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بد امنی پیدا کرنے کے الزام میں سابق ایم ایل اے سنیل نائک سمیت 17 افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔
نیشنل ہائی وے 66 کے بیچ میں واقع ہندووں کے مذہبی روایات سے منسوب 'مورین کٹے' کو ہائی وے کے توسیعی منصوبے کے تحت وہاں سے دوسری جگہ پر منتقل کرنے کے معاملہ پر دو فرقوں کے بیچ تنازعہ کھڑا ہوا تھا اور اس مقام پر نگرانی کے لئے 2021 سے پولیس کا ایک دستہ ہمیشہ تعینات تھا ۔
یہ معاملہ اس وقت پھر سے کشیدگی کا سبب بن گیا جب این ایچ اے آئی کی طرف سے قریب میں واقع ایک مسلم شخص کی ملکیت والے قطعہ اراضی سے متصل جگہ کو نشان زد کرتے ہوئے وہاں پر یہ کٹہ تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی ۔ اس پر مسلم فرقے کے نوجوانوں کی طرف سے سخت اعتراض جتایا گیا اور اس نئے تعمیر شدہ چبوترے کو ہٹانے کی کوشش کی گئی ۔
بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کے آفیسر تیمپّا ایس کی طرف سے درج کی گئی شکایت کے مطابق اس دن رات کے 10:30 بجے کے قریب اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے ناگیش کرشنا نائک، شرینواس ماستپّا سمیت کئی لوگوں پر مشمتل ایک گروپ نے "اسی جگہ پر پھر سے کٹہ تعمیر کریں گے " جیسے نعرے لگائے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بی این ایس قانون 2023 کی دفعہ 189(2), 190, 229 اور کرناٹکا پولیس ایکٹ کی دفعہ 35(1) (e) کے تحت جن لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ، ان میں ۱۔ ناگیش کرشنا نائک ۲۔ شرینواس ماستپّا نائک ۳۔ مہا دیوا کرشنا ئک ۴۔ پرمیشور ہونپّا نائک ۵۔ ویویک درگپّا نائک ۶ ۔ ونود وینکٹرمنا نائک ۷۔ نوین کرشنا نائک ۸۔ لکشمن ناچمیا نائک ۹۔ ونود رام نائک ۱۰۔ ابھشیک تمپّا نائک ۱۱۔ اشوک مہا دیوا نائک ۱۲۔ ناگراج کنّا نائک ۱۳۔ ایشور ماستپّا نائک ۱۴۔ جینت بلیندرا نائک ۱۵۔ سندیپ گرو شیٹی ۱۶۔ گووندا جٹپّا نائک اور ۱۷۔ سنیل بیلیا نائک کے نام شامل ہیں ۔