ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بجلی گرنے سے بیل کی ہلاکت کے بعد کسان نے بیوی کو ہی ہل سے باندھ دیا، معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے فراہم کی مدد

بجلی گرنے سے بیل کی ہلاکت کے بعد کسان نے بیوی کو ہی ہل سے باندھ دیا، معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے فراہم کی مدد

Sat, 13 Jun 2026 00:27:44    S O News
بجلی گرنے سے بیل کی ہلاکت کے بعد کسان نے بیوی کو ہی ہل سے باندھ دیا، معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے فراہم کی مدد

ممبئی 12 جون (ایس او نیوز): مہاراشٹرا کے ضلع لاتور میں ایک غریب کسان کی مجبوری کی ایسی تصویر سامنے آئی ہے جس نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دیونی تعلقہ کے بومبلی خرد گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسان کاشی ناتھ پنڈلک گائیکواڑ نے اپنے ایک بیل کی آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکت کے بعد کھیت جوتنے کے لیے ہل کے ایک سرے پر باقی ماندہ بیل کو جبکہ دوسرے سرے پر اپنی اہلیہ سنگیتا کو باندھ دیا۔ کسی نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس کے بعد یہ معاملہ قومی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ اس واقعے نے کسانوں کی معاشی مشکلات کو ایک بار پھر قومی سطح پر موضوعِ بحث بنا دیا، جبکہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد ریاستی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو بھی مداخلت کرنی پڑی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق 5 جون کو آسمانی بجلی گرنے سے گائیکواڑ کا ایک بیل ہلاک ہوگیا تھا۔ مانسون کی آمد کے ساتھ بوائی کے سیزن کا آغاز ہو چکا تھا اور کھیت تیار کرنا ضروری تھا، لیکن مالی تنگی کے باعث کسان دوسرا بیل خریدنے کے قابل نہیں تھا۔ ایسے میں اس نے ایک طرف باقی ماندہ بیل کو اور دوسری طرف اپنی اہلیہ سنگیتا کو ہل کے ساتھ باندھ کر کھیت جوتنا شروع کیا۔

کاشی ناتھ گائیکواڑ اور ان کی اہلیہ محدود وسائل کے ساتھ کھیتی باڑی اور زرعی مزدوری کرکے اپنے خاندان کا گزر بسر کرتے ہیں۔ بیل کی ہلاکت کے بعد ان کے سامنے روزگار اور فصل دونوں کو بچانے کا چیلنج پیدا ہوگیا تھا۔ کسان نے میڈیا کو بتایا کہ اگر وقت پر کھیت تیار نہ کیا جاتا تو بوائی متاثر ہوسکتی تھی۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد اپوزیشن رہنماؤں اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ این سی پی (شرد پوار گروپ) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے اس واقعے کو ریاست میں کسانوں کی ابتر معاشی صورتحال کی عکاسی قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندان کو فوری امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ضلعی انتظامیہ کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ اس کے بعد سرکاری حکام نے متاثرہ کسان سے ملاقات کرتے ہوئے اسے ایک نیا بیل فراہم کیا تاکہ وہ اپنی کھیتی کا کام جاری رکھ سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے آسمانی بجلی سے بیل کی ہلاکت پر کسان کو تقریباً 32 ہزار روپے کا معاوضہ بھی دیا ہے۔ ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ خاندان کو دستیاب دیگر فلاحی اور زرعی اسکیموں کے تحت مزید مدد فراہم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔


Share: