کولور، 20 / اپریل (ایس او نیوز) بیندور تعلقہ کے کولور میں موکامبیکا مندر سے ذرا دوری پر رہائش پزیر ایک دلت بیوہ خاتون کے گھر کو جگدمبا ٹرسٹ والوں نے بلڈوزر کے ذریعے گرا دیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ چالیس سال سے یہ خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ مقیم تھی ۔ ٹرسٹ والوں نے اس وقت بلڈوزر چلایا جب گھر کے اندر کوئی بھی موجود نہیں تھا ۔
کرناٹکا دلت سنگھرش سمیتی اور کورگا ابھیرودی سنگھا نے اس انسانیت سوز حرکت کی سخت مذمت کی ہے ۔ کمیٹی کے ایک وفد نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ وفد کے ذمہ داروں نے کہا کہ اس طرح کے ظلم کو کسی قیمت پر بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ کمیٹی کے کنوینر شیام راج نے مطالبہ کیا کہ گھر پر بلڈوزر چلانے والوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاتون کو انصاف دلایا جائے ۔ اس خاتون کے لئے گھر تعمیر کرنے کی جگہ فراہم کی جائے ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جگدمبا ٹرسٹ کے مالکوں نے سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کے مقصد سے دلت خاتون کا گھر ڈھایا ہے اور اس کے گھر موجود اناج، کپڑے اور دیگر ضروری ساز و سامان تباہ کر دیا ہے ۔ اس کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں دلت طبقے کے سیکڑوں لوگوں نے حصہ لیا ۔ بیندور سرکال انسپکٹر سوتراتیج نے احتجاجیوں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی ۔ آئی ٹی ڈی پی کے ذمہ دار نارائن سوامی نے موقع پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرین کو بتایا کہ متاثرہ خاتون کے لئے عبوری پر رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کردیا گیا ہے اور اس معاملے کی مکمل رپورٹ ضلع ڈپٹی کمشنر کو دی گئی ہے ۔
وفد کے ذمہ داروں نے کولور پولیس اسٹیشن کے تھانہ انچارج اور کولور گرام پنچایت کے پی ڈی او کو میمورنڈم بھی پیش کیا ۔