ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بجٹ میں منگلورو اور کلبرگی حج بھونوں کی تعمیر کے لیے فنڈ کی تجویز، وزیر اعلیٰ سدارامیا کا مناسب فیصلہ کرنے کا یقین

بجٹ میں منگلورو اور کلبرگی حج بھونوں کی تعمیر کے لیے فنڈ کی تجویز، وزیر اعلیٰ سدارامیا کا مناسب فیصلہ کرنے کا یقین

Sun, 09 Feb 2025 13:15:23    S.O. News Service

بنگلورو ، 9/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)  امسال کے بجٹ میں ریاست کے دو نئے حج بھونوں کی تعمیر کے لیے فنڈز کی تجویز دی جا سکتی ہے۔ یہ بات خود وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ایک میٹنگ کے دوران کہی۔ ہفتہ کے روز محکمہ بلدی انتظامیہ اور حج کے بجٹ منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کی گئی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے اس بات کا یقین دلایا۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزیر برائے بلدی انتظامیہ و حج رحیم خان، وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد، کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار ٹیپو، وزیر اعلیٰ کے اڈیشنل چیف سکریٹری ایل کے عتیق اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس دوران وزیر حج رحیم خان اور حج کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار ٹیپو نے وزیر اعلیٰ کو منگلورو اور کلبرگی میں حج ہاوس کی تعمیر کے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا اعلان وہ گزشتہ بجٹ میں کر چکے ہیں۔

منگلورو میں ایئرپورٹ کے قریب حج بھون کی تعمیر کے لیے زمین کی نشاندہی مکمل ہو چکی ہے، اور اس کا رجسٹریشن جلد ہی کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سے درخواست کی گئی ہے کہ حج کمیٹی کے لیے بجٹ میں مناسب فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ بنگلورو میں حج بھون کی تعمیر اور اس کی سہولتوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ امسال سفر حج بیت اللہ کے لیے مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے جتنے عازمین نے درخواست دی ہے، ان میں سے تقریباً تمام کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔ اپریل کے آخری ہفتے سے بنگلورو سے حج پروازوں کے آغاز کا امکان ہے اور اس کے لیے تمام تیاریاں بڑے پیمانے پر کی جا رہی ہیں۔

چونکہ تمام عازمین کی روانگی قریب ہے، اس لیے حج بھون میں بہترین انتظامات کی ضرورت ہے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ وزیر برائے ہاؤسنگ اقلیتی بہبود و اوقاف ضمیر احمد خان اور حیم خان کی نگرانی میں حج کمیٹی کے تمام اراکین، سرکاری افسران اور رضاکاروں کی ٹیمیں بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ بنگلورو کے حج بھون کی دیکھ بھال اور انتظامات کے لیے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے، اور بجٹ میں اس کے لیے مناسب انتظامات کیے جانے چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اس موقع پر کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہونے پر ذوالفقار ٹیپو کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔


Share: