![بیدر میں باپ نے کردیا اپنی ہی بیٹی کا قتل: پولس نے کیا گرفتار](https://sahilonline.net/storage/2025/feb25/bidar-daughter-murder.jpg)
آوراد 9/فروری (ایس او نیوز)کرناٹک کے ضلع بیدر کے اوراد تعلقہ میں ایک 18 سالہ لڑکی کو اس کے والد نے بے دردی سے قتل کر دیا کیونکہ بیٹی دوسری ذات کے لڑکے کی محبت میں گرفتار تھی جس کی وجہ سے اُس نے اپنے والد کی پسند کے لڑکے سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔
یہ واقعہ جمعہ کے روز سہ پہر 3 بجے کے قریب تعلقہ کے وڈگاؤں کے نزدیک برگین تانڈا میں پیش آیا۔ مقتولہ کی شناخت مونیکا کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ملزم والد کی شناخت موتی رام جادھو کے طور پر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، مونیکا کا تعلق درج فہرست ذات سے تھا اور وہ دوسری ذات کے ایک نوجوان سے محبت کرتی تھی۔ ایک ماہ قبل وہ اس کے ساتھ گھر سے فرار بھی ہو گئی تھی، جس کے بعد والدین کی شکایت پر پولیس نے دونوں کو حراست میں لے کر لڑکی کو اس کے گھر والوں کے حوالے کر دیا تھا۔ بعد میں لڑکی اور لڑکے کے درمیان علیحدگی ہو گئی، لیکن والد کو اپنی بیٹی کی اس حرکت کے باعث سماجی سطح پر بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا۔
جمعہ کے روز جب لڑکی کی ماں گھر پر نہیں تھی، باپ نے مُبینہ طور بیٹی کو ایک بار پھر اپنی پسند کے لڑکے سے شادی کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی، لیکن اس نے انکار کر دیا۔ اس پر باپ کو شدید غصہ آ گیا اور اس نے لڑکی پر لکڑی کے ڈنڈے سے حملہ کر دیا اور پھر گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس نے مقتولہ کی والدہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔