ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیدر: ایس بی آئی ہیڈ کوارٹر کے سامنے ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کی شناخت

بیدر: ایس بی آئی ہیڈ کوارٹر کے سامنے ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کی شناخت

Sun, 16 Feb 2025 20:01:08    S O News
بیدر: ایس بی آئی ہیڈ کوارٹر کے سامنے ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کی شناخت

بیدر، 16/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی ) بیدر ضلع پولیس نے بیدر شہر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ہونے والی ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کی شناخت میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ ملزمان بہار کے ویشالی ضلع کے رہائشی ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں اسی طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، شناخت شدہ ملزمان میں فتح پور پھلواریہ کے امن کمار راج کشور سنگھ اور میسور کے آلوک کمار عرف آشوتوش شتروگھن پرساد سنگھ شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ دونوں اتر پردیش کے مرزا پور سمیت مختلف مقامات پر ڈکیتی کی وارداتوں میں شامل تھے۔ پولیس نے ملزمان کے اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کی ہے تاکہ ان کے ٹھکانے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

ملزمان کی شناخت ظاہر ہونے کے بعد بیدر پولیس نے بہار کے مختلف مقامات پر ان کے خلاف پوسٹر چسپاں کیے اور ان کی گرفتاری کے لیے عوام سے مدد طلب کی ہے۔ پولیس نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 5 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔

یہ واردات 16 جنوری کو اس وقت پیش آئی جب ایس بی آئی کی سی ایم ایس کمپنی کے دو ملازمین بینک سے رقم لے کر اے ٹی ایم میں جمع کرانے جا رہے تھے۔ اسی دوران، حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کی اور 83 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اس حملے میں سی ایم ایس کمپنی کے کیش کسٹوڈین گری وینکٹیش موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دوسرا ملازم شیو کمار شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس اس معاملے میں مزید تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کی گرفتاری متوقع ہے۔


Share: