بھٹکل، 28/ جنوری (ایس او نیوز)بھٹکل کے معروف اربن کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات 2 فروری کو منعقد ہونگے ۔ اس الیکشن کےلئے امیدواروں کی نامزدگی کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے جس کے بعد فی الحال چار امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں جبکہ بقیہ 11 نشستوں کے لئے 27 امیدوار میدان میں موجود ہیں ۔
نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے بلا مقابلہ منتخب ہونے والوں میں پسماندہ طبقہ 2A سے سریش بھاسکر پجاری، خواتین کے لئے مختص زمرے سے بینا منکال وئیدیا، محبوب بی بابا لعل صاحب پٹیل، منگلورو ضلع سے محمد ایوب حمزہ شامل ہیں ۔
اب جو الیکشن ہونے والا ہے اس میں ضلع اتر کنڑا حلقے سے عبدالخالق عبدالہادی سوداگر، عثمان نگر؛ احمد نبی محمود صاب ملا، کوکتی؛ ایرا درگپّا نائک، چوتنی؛ جعفر صادق اسماعیل شاہ بندری، آزاد نگر؛ توفیق عبدالوہاب شیخ، ہاسپٹل روڈ، ندیم احمد ملا، امین الدین روڈ؛ نسیم الغنی اسماعیل شاہ بندری، مدینہ کالونی؛ پدما نابھا رام کرشنا پائی، رنگین کٹے؛ محمد زبیر محی الدین کولا، قدوائی روڈ؛ رمیش سکرا نائک، مٹھلی؛ راما تیمنّا نائک؛ چوتنی؛ وسنت تمیّا دیواڈیگا، ہیبلے؛ وکٹر فرانسس گومس، منڈلّی؛ شریکانت نارائن نائک، اسارکیری؛ شریدھر بیرپّا نائک، اسارکیری، سید زین العابدین فاروقی، ناگپّا نائک روڈ؛ اڈپی ضلع حلقے سے عبدالوہاب ابراہیم؛ تلسی داس ماستی موگیر، شیرور؛ اقلیتی بی طبقے سے فلپ آر آلمیڈا، مرڈیشور؛ مینویل ایم لیما، بندر روڈ سیکنڈ کراس؛ سائمن لین ڈیسوزا؛ پورورگا؛ ایس سی سیٹ کے لئے گنپتی گوئید موگیر، تینگن گنڈی؛ ماستی درگپّا موگیر تینگن گنڈی؛ ماستی سنکیّا موگیر، ہیبلے؛ موہن بھدرا شیرالیکر، ہندو کالونی؛ ایس ٹی سیٹ کے لئے راگھویندرا درگیّا گونڈا، جالی اور سنتوش ناگیّا گونڈا، ہیبلے بطور امیدواور میدان میں موجود ہیں۔
بینا وئیدیا کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ - شکیل ملا کی شکایت پر ہائی کورٹ نے جاری کی نوٹس: بھٹکل اربن کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے جو انتخاب ہونے والا ہے اس میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کی بیٹی بینا وئیدیا کی امیدواری کے خلاف مدینہ کالونی کے مقیم شکیل احمد ملا نے ریاستی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور انہیں انتخاب لڑنے کے لئے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
شکیل ملا کی اپیل پر کارروائی کرتے ہوئے عدالت نے کوآپریٹیو الیکشن کمیشن کے کمشنر، کوآپریٹیو سوسائٹیز کے رجسٹرار، الیکٹورل آفیسر، اربن کوآپریٹیو بینک اور بینا وئیدیا کو نوٹس جاری کی ہے ۔ اپیل کنندہ کا موقف یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضوابط کے مطابق الیکشن سے 50 دن قبل بینک کے انتخاب میں ووٹنگ کا حق رکھنے والے اراکین کی عبوری فہرست بینک کے نوٹس بورڈ پر چسپاں کی جانی چاہیے ۔ اس کے علاوہ بینک کے الیکشن میں ووٹنگ کا حق پانے کے لئے ممبر کا دو سال تک بینک کی جنرل باڈی میٹنگ [عام اجلاس] میں حاضر رہنا لازمی ہے۔ صارف کا ایک سال قبل بینک میں کھاتہ کھولتے ہوئے ریگولر شیئر ہولڈر بننا اور کھاتے میں لین دین کا عمل جاری رہنا بھی ضروری ہے ۔ مگر اس مرتبہ الیکشن میں امیدوار بننے والی بینا وئیدیا نے گزشتہ 2 اگست 2024 کو بینک میں کھاتہ کھلوایا ہے۔ 31 اگست کو نئے شیئرز خریدنے کے لئے اپنے کھاتے سے رقم ڈبیٹ کی ہے۔
شکایت کنندہ شکیل ملا کا کہنا ہے کہ بینک کے جنرل منیجر اور اہلکاروں نے مل کر جٹّمّا جٹّمّا نائک کے نام پر جو شیئرز[نمبر 208430] تھے، وہ بینا وئیدیا کے نام پر ٹرانسفر کر دئے ۔ 28 نومبر 2023 کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں بینا وئیدیا کے نام پر ریگولر شیئر منظور ہونے کی بات دکھائی گئی ہے ۔ حالانکہ مذکورہ بورڈ میٹنگ میں کوئی بھی شیئر منظور نہیں کیے گئے ۔ یہ بینا وئیدیا کو الیکشن لڑنے کے لئے اہل بنانے کی سازش ہے۔
ہائی کورٹ میں ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک نے شکایت کنندہ شکیل ملا کی پیروی کی اور اس الزام کے متعلق پولیس اور الیکٹورل آفیسر کے پاس الگ الگ شکایتیں درج کروائی گئیں ۔