بھٹکل، 18 مئی (ایس او نیوز): قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے 19 اور 20 مئی کو دو روزہ میگا ووٹر آئی ڈی کیمپ منعقد کیا گیا ہے جس میں ووٹر رجسٹریشن، تصحیح اور انتخابی تفصیلات کی تجدید کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ کیمپ بھٹکل کے صدیق اسٹریٹ میں واقع تنظیم ہال میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جہاں شہریوں کو ووٹر آئی ڈی سے متعلق مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔
کیمپ کے دوران نئے ووٹر آئی ڈی کارڈ کے لئے درخواستیں قبول کی جائیں گی، انتخابی فہرست میں نام شامل کرنے، موجودہ ووٹر آئی ڈی کارڈ میں پائی جانے والی غلطیوں کی اصلاح، پتہ یا دیگر تفصیلات میں تبدیلی اور ووٹر ریکارڈ سے متعلق بڑے پیمانے پر اپڈیٹ کا کام انجام دیا جائے گا۔
18 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام اہل شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضروری دستاویزات کے ساتھ کیمپ میں شرکت کریں۔ مطلوبہ دستاویزات میں شناختی ثبوت، رہائشی ثبوت، عمر کا ثبوت، پاسپورٹ سائز تصاویر، آدھار سے منسلک موبائل اور تمام ضروری دستاویزات کی زیراکس نقول شامل ہیں۔
تنظیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے بلا تاخیر ووٹر رجسٹریشن اور تصحیح کے عمل کو مکمل کریں تاکہ آئندہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور ریاست کرناٹک میں آئندہ ہونے والے اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) عمل کے پیشِ نظر بھٹکل کے کسی بھی ووٹرس کانام ووٹر لسٹ سے باہر نہ جانے پائے۔