
بھٹکل 22/اپریل (ایس او نیوز) : بھٹکل کامعروف سماجی و سیاسی اداہ مجلس اصلاح و تنظیم نے بی جے پی کے رکن پارلیمان نشی کانت دوبے کے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے ملک میں مذہبی انتشار کے لیے سپریم کورٹ کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ تنظیم نے اس بیان کو "توہین آمیز، بے بنیاد اور جھوٹا" قرار دیا۔
تنظیم کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا مقبول کوبٹے ندوی نے کہا کہ دوبے کا بیان میڈیا کے ذریعے عوام میں پھیلایا گیا، جو عدلیہ کو ڈرانے، دھمکانے اور مذہبی فسادات کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات ملک کے امن و اتحاد کے لیے خطرناک ہیں۔
مولانا ندوی نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کا محافظ اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے، اور حالیہ دنوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کی جانب سے عدلیہ کے خلاف بیانات دینا جمہوری ڈھانچے پر براہِ راست حملہ ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ نشیکانت دوبے کو پارٹی سے نکال کر عدلیہ کی عزت و وقار کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ از خود (Suo Motu) کارروائی کرتے ہوئے توہینِ عدالت کا مقدمہ دوبے اور دیگر افراد کے خلاف درج کرے، جو مسلسل عدلیہ کو نشانہ بنا کر آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، انتظامیہ اراکین ایڈوکیٹ عمران لنکا، عزیز الرحمن رکن الدین ندوی اور آدم پنمبور بھی موجود تھے۔