بھٹکل، 25 / جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل پولیس کی ٹیم نے مخدوم کالونی کے ایک گھر پر علی الصبح چھاپہ ماری کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بڑا جانور ذبح کرنے کے الزام میں تین ملزمین کو گرفتار کرنے کے ساتھ کوئنٹل گوشت بھی ضبط کر لیا جس کی مالیت کا اندازہ پچاس ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ گھر کے اندر ہی جانور ذبح کرکے گوشت تیار کرنے کے موقع پر پولیس نے چھاپہ ماری کی تھی ۔ جن ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ان کی شناخت نظام الدین مختصر، محمد تنویر اور خواجہ ابوالحسن کے طور پر کی گئی ہے ۔ سرکل انسپکٹر راتھوڑ نے کیس درج کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے ۔
اسی دوران پتہ چلا ہے کہ ہوناور تعلقہ کے سالکوڈ گرام میں حاملہ گائے ذبح کرنے کا جو معاملہ پیش آیا تھا اس تعلق سے پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے دو مشتبہ ملزمین کی نشاندہی کر لی ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے جال بچھا دیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور بالخصوص وزارت داخلہ نے اسے بہت زیادہ سنجیدگی سے لیا ہے ۔ تحقیقات کے لئے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کی قیادت میں چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔
ضلع ایس پی نارئین ایم نے یلاپور میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ گائے کا ذبح کرنے میں دو افراد ملوث ہونے کی بات معلوم ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گائے ذبح کرنے کے بعد اس کا گوشت ایک شادی کی تقریب کے لئے فراہم کیا گیا تھا ۔ ہم نے پانچ لوگوں کو تحویل میں لے کر تفتیش کی ہے ۔ کلیدی ملزم کی گرفتاری باقی ہے ۔ ایس پی نے کہا کہ گئو ہتھیا کے معاملات میں صرف ایک قوم کے لوگ نہیں بلکہ سبھی قوموں کے افراد ملوث ہیں ۔ بار بار گائے چوری کی وارداتیں انجام دینے والوں کو سرحد بدر کرنے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں آئی جی پی امیت سنگھ کے ساتھ ہوناور میں میٹنگ منعقد ہو چکی ہے ۔ ہوناور تعلقہ بعض اندرونی دیہاتوں کے حالات کی وجہ سے ملزمین کو گرفتار کا ذرا مشکل ہوتا ہے، لیکن ہم کسی بھی قیمت پر انہیں گرفتار کر لیں گے ۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ضلع بھر میں چیک پوسٹ پر سیکیوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ بینکوں میں ڈکیتی کی وارداتیں پیش آنے کے بعد چیک پوسٹ پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ چیک پوسٹس پر تعینات اہلکاروں کو ہتھیار بھی فراہم کیے گئے ہیں ۔
ایس پی نارائین نے واضح انداز میں کہا کہ گائے کی رفت اور گائے کی ہتھیا کسی بھی قیمت پر قبول کرنے والی بات ہی نہیں ہے ۔ چیک پوسٹس پر سیکیوریٹی بڑھاتے ہوئے ہم اس پر روک لگائیں گے ۔