![بھٹکل : مُٹھلّی میں اسکولی طلبہ نے لگایا سنڈے بازار](https://sahilonline.net/storage/2025/feb25/muttalli-students-market-3.jpg)
بھٹکل، 9 / فروری (ایس او نیوز) اسکولی طلبہ کے اندر تجارت اور کاروبار کا شعور بیدار کرنے اور حرکت و عمل کی مہارت سے روشناس کرنے کے مقصد سے بھٹکل تعلقہ مٹھلی گرام پنچایت حدود میں واقع سرکاری ہائر پرائمری اسکول کے طلبہ کا سنڈے بازار لگایا گیا ۔ طلبہ کی اس سرگرمی نے نہ صرف عوام کا دل جیت لیا بلکہ اس کی وجہ سے طلبہ کے اندر پوشیدہ صلاحتیں آشکار ہوئیں ۔
تعلیم کا مقصد اسکول کی کمرے میں حاصل کی گئی تعلیم اطلاق طلبہ کی عملی زندگی میں کرنا ہوتا ہے ۔ اسی وجہ سے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو عمدہ تعلیم دینے اور زندگی میں کام آنے والے ہنر سکھانے کے لئے افسران اور اساتذہ سرگرم رہتے ہیں ۔ اسی حوالے سے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کی رہنمائی اور والدین و سرپرستوں کے تعاون سے مٹھلی میں اسکولی طلبہ کا سنڈے بازار لگایا گیا ۔
اس بازار میں طلبہ نے مقامی طور پر دستیاب ہونے والی مختلف ترکاریاں، سبزیاں، پھل، اناج، گھروں تیار کی گئی کھانے کی چیزیں، پھلوں اور ترکاریوں کے جوس، مجگی وغیرہ فروخت کیا اور بیوپار کرنے کے طریقے اور گاہکوں سے بات چیت کرنے کے طریقوں اور نفع و نقصان کے پہلو سے آگاہی حاصل کی ۔
اس بازار کی خاص بات یہ تھی کہ یہاں پر 'جنک فوڈ' فروخت کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔ اس کے علاوہ پلاسٹک کا استعمال بھی ممکنہ حد تک کم سے کم تر کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔
اس موقع پر سی آر پی جئے شری آچاریہ، اسکول اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اننت نائک، ایس ڈی ایم سی نائب صدر شئیلا نائک، پنایچت سابق صدر شیشگری نائک، اسکول کے اساتذہ، طلبہ کے والدین اور سرپرست موجود تھے ۔
طلبہ کے والدین، ایس ڈی ایم سی کے اراکین، اساتذہ، سابق طلبہ، مقامی افراد، پنچایت اراکین وغیرہ نے اس بازار کا دورہ کیا اور بچوں کی دکانوں سے چیزیں خریدتے ہوئے ان کی ہمت افزائی کی ۔