بھٹکل، 6 / جون (ایس او نیوز) گزشتہ دنوں شیرالی میں ندی سے سیپیوں کا گوشت نکالنے کے دوران پانی اچانک بڑھنے اور تیز بہاو شروع ہونے کے ساتھ غرقابی کی وجہ سے جن 11 افراد کی جان چلی گئی تھی ، ان کے متاثرہ اہل خانہ کو شہر کے سماجی خدمت گار ماستپّا نائک بلسے نے اپنی جانب سے کُل تین لاکھ روپوں کی امدادی رقم فراہم کی ۔
انہوں نے متاثرین کے گھر پہنچ کر اس المیہ پر دکھ اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔ متاثرہ دس خاندانوں کو 25 ہزار روپے فی خاندان دینے کے علاوہ ماں اور باپ دونوں سے محروم ہونے والے دو یتم بچوں کی تعلیم کے لئے 50 ہزار روپوں کا عطیہ دیا ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے عطیہ دہندہ ماستپّا نائک بلسے نے کہا کہ جو المیہ شیرالی میں ہوا ہے وہ بہت سنگین اور درد بھرا معاملہ ہے ۔ فوت ہونے والوں کے خاندان کو انصاف دلانے کے لئے اس معاملے کی پوری جانچ ہونی چاہیے ۔ اسی کے ساتھ ضلع کے اہل خیر حضرات، کوآپریٹیو بینکوں، سوسائیٹیوں اور عطیہ دہندگان کو انسانیت کے ناطے آگے بڑھ کر متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی کوشش کرنا چاہیے ۔
"انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل وقت میں سماج کو متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔ یتیم ہونے والے بچوں کا مستقبل بنانے کے لئے سب کو ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہیے ۔ " انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ بھی وہ متاثرہ افراد کے لئے امداد اور انصاف دلانے کے سلسلے میں متحرک رہیں گے۔