ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل شرالی ندی سانحہ: منکال وئیدیا کا متاثرین کے گھروں کا دورہ؛ فی خاندان 15 لاکھ روپے معاوضے کے چیک تقسیم کرنے کے ساتھ مزید امداد کا اعلان

بھٹکل شرالی ندی سانحہ: منکال وئیدیا کا متاثرین کے گھروں کا دورہ؛ فی خاندان 15 لاکھ روپے معاوضے کے چیک تقسیم کرنے کے ساتھ مزید امداد کا اعلان

Fri, 29 May 2026 19:17:36    S O News
بھٹکل شرالی ندی سانحہ: منکال وئیدیا کا متاثرین کے گھروں کا دورہ؛ فی خاندان 15 لاکھ روپے معاوضے کے چیک تقسیم کرنے کے ساتھ مزید امداد کا اعلان

بھٹکل 29/مئی (ایس او نیوز): اتر کنڑا ضلع کے انچارج وزیر اور بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال ایس وئیدیا نے جمعہ کو شرالی ندی سانحہ سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور محکمہ ماہی گیری کی جانب سے منظور شدہ 15 لاکھ روپئے معاوضے کے چیک تقسیم کیے۔ سانحے میں 11 افراد جان بحق ہوئے تھے جو ندی سے کالواماس نکالنے کے دوران ڈوب گئے تھے۔

شرالی کے شاردا ہولے گاؤں کے دورے کے دوران وزیر غمزدہ خاندانوں کو دلاسہ دینے کے بعد امدادی چیک متاثرین کے حوالے کیے۔

حکام کے مطابق سانحے کے فوری بعد منکال وئیدیا نے وزیراعلیٰ سدارامیا سے رابطہ کرکے ہر متاثرہ خاندان کے لیے فوری طور پر 5 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کروایا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے محکمہ ماہی گیری کے ذریعے مزید 10 لاکھ روپے کی امداد بھی منظور کروائی، جس کے بعد فی خاندان مجموعی سرکاری معاوضہ 15 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔

کاروار سے تشریف فرما اتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا کے ہمراہ وزیر نے ہر متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ کر معاوضے کے چیک تقسیم کیے۔

IMG-20260529-WA0112

سرکاری امداد کے علاوہ منکال وئیدیا نے اپنی ذاتی رقم سے ہر خاندان کو ایک لاکھ روپے فراہم کیے، جبکہ ان کی زیر صدارت چلنے والے بھٹکل جنتا کوآپریٹو بینک نے بھی ہر متاثرہ خاندان کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی۔

سانحے میں اپنے والدین کو کھونے والے بچوں کے مستقبل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی تعلیم کے تمام اخراجات ان کی دلچسپی اور خواہش کے مطابق برداشت کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کے کفیل کو کھونے والے نوجوانوں کو مقامی کوآپریٹو اداروں میں روزگار فراہم کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

وزیر نے اس گھر کا بھی دورہ کیا جہاں سانحے کے نتیجے میں چار بچے یتیم ہوگئے ہیں، اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ تعلقہ میں پیش آئے اس افسوسناک سانحے کے پیش نظر وہ 5 جون کو اپنی سالگرہ منانا نہیں چاہتے، اور اس موقع پر خرچ ہونے والی رقم میں سے 5 لاکھ روپے یتیم بچوں کے لیے مکان کی تعمیر کے مقصد سے ذاتی طور پر عطیہ کریں گے۔

متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے ضلع کے عوام سے آگے آکر مالی تعاون فراہم کرنے کی درخواست کی۔

اس موقع پر بھٹکل تحصیلدار ناگیندر کولشیٹی، بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، سریش نائک، سبرائے نائک، کرشنا نائک، پرمیشور دیواڈیگا، وینکٹ رمن موگیر، منجپا نائک، گوپال نائک، ایراپا گارڈیکر، راجو نائک سمیت کئی افراد موجود تھے۔


Share: