ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 9 اگست کو سجے گی رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی باوقار تقریب؛ حاضرین کے لیے بھی پُرکشش انعامات زیر غور

بھٹکل میں 9 اگست کو سجے گی رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی باوقار تقریب؛ حاضرین کے لیے بھی پُرکشش انعامات زیر غور

Wed, 29 Jul 2026 16:05:16    S O News
بھٹکل میں 9 اگست کو سجے گی رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی باوقار تقریب؛ حاضرین کے لیے بھی پُرکشش انعامات زیر غور

بھٹکل 29/جولائی (ایس او نیوز) : بھٹکل کے ذہین اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے رابطہ سوسائٹی کی جانب سے منعقد کیا جانے والا سالانہ رابطہ تعلیمی ایوارڈ 2026 اس سال 9 اگست بروز اتوار انجمن گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔ اس بات کی اطلاع رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب مُنیری عتیق الرحمن  نے دی۔

انہوں نے بتایا کہ   گزشتہ 33 برسوں میں رابطہ تعلیمی ایوارڈ بھٹکل کی ایک نمایاں تعلیمی روایت بن چکا ہے، جہاں نہ صرف نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی عزت افزائی کی جاتی ہے بلکہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم، مسابقتی امتحانات اور قومی خدمات کی جانب راغب کرنے کی بھی کوشش کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وبا کے بعد 2022 میں منعقد ہونے والی رابطہ تعلیمی ایوارڈ تقریب غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی۔ اس موقع پر ملک کے معروف موٹیویشنل اسپیکر مُنّور زماں مہمانِ خصوصی تھے۔ نوائط کالونی کے وائی ایم ایس اے میدان میں مسلسل موسلادھار بارش کے باوجود ہزاروں افراد کی موجودگی نے اس پروگرام کو یادگار بنا دیا تھا۔

اس سال 34 ویں رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی تقریب میں بھی منتظمین نے ایک ممتاز تعلیمی شخصیت کو مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔ نئی دہلی کے معروف سول سروس تربیتی اداروں سے وابستہ، جنرل اسٹڈیز اور مسابقتی امتحانات کے ماہر، نیز ملک بھر کے متعدد مسلم نوجوانوں کی سول سروس امتحانات میں کامیابی کے لیے رہنمائی کرنے والے جناب سمیر احمد صدیقی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے۔ منتظمین کو امید ہے کہ ان کا خطاب نوجوانوں کے لیے نہایت مفید اور حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔

جناب مُنیری عتیق الرحمن کے مطابق تقریب دو نشستوں پر مشتمل ہوگی۔ پہلا اجلاس صبح 10 بجے سے 12:45 بجے تک جبکہ دوسرا اجلاس نمازِ عصر کے بعد مغرب تک جاری رہے گا، جس میں ایوارڈز کی تقسیم اور خصوصی خطابات ہوں گے۔

پروگرام کے کنوینر جناب عبدالسلام دامدا ابو نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی   تقریباً 33 تعلیمی ایوارڈز (گولڈ میڈلز)  مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں تقسیم کیے جائیں گے، تاہم آخری مرحلے میں اس تعداد میں معمولی کمی یا اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال پروگرام میں ابتدا سے اختتام تک شریک رہنے والے حاضرین کے لیے بھی پُرکشش انعامات رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

رابطہ سوسائٹی کے خازن مولوی صابر علی اکبرا ندوی نے بتایا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے مقصد سے پی یو سی دوم کے طلبہ کے لیے اہلیت کی حد گزشتہ برس کے 90 فیصد سے بڑھا کر 95 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایس ایس ایل سی (SSLC) کے طلبہ کے لیے بھی گزشتہ سال کی طرح 95 فیصد یا اس سے زائد نمبرات حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے صدر جناب عمر فاروق مصباح بھی موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: