ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب ولکی میں اتحاد پبلک اسکول کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد

بھٹکل کے قریب ولکی میں اتحاد پبلک اسکول کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد

Wed, 22 Jul 2026 22:37:50    S O News
بھٹکل کے قریب ولکی میں اتحاد پبلک اسکول کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد

بھٹکل، 22 جولائی (ایس او نیوز): پڑوسی تعلقہ ہوناور کی شراوتی پٹی کے ولکی میں واقع معروف تعلیمی ادارہ اتحاد پبلک اسکول کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد بدھ کو ایک پروقار تقریب میں رکھا گیا۔ سنگِ بنیاد کی رسم قاضیِ مرکزی، خلیفۂ جماعت المسلمین بھٹکل اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاذِ حدیث مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے انجام دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شراوتی مسلم کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ سکری نے بتایا کہ اسکول کا قیام 2016 میں عمل میں آیا تھا اور ابتدائی برسوں میں محدود وسائل کے ساتھ چھوٹے کمروں میں چلایا جاتا رہا۔ بعد ازاں بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ (سعودی عرب) کے صدر ارشاد صدیقہ کے تعاون سے موجودہ عمارت تعمیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد، طالبات کے لیے بہتر انتظامات اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کمروں کی ضرورت محسوس ہوئی، جس پر ارشاد صدیقہ نے اپنی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے نئی عمارت کی تعمیر کی ذمہ داری اٹھائی۔

IMG-20260722-WA0007

انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ شراوتی پٹی کا ایک مثالی انگلش میڈیم اسکول ہے، جہاں دینیات اور حفظِ قرآن کے ساتھ عصری تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال داخلوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ تعلیمی سال 2025-26 میں دسویں جماعت کا نتیجہ سو فیصد رہا، جو ادارے کی تعلیمی کامیابی کا مظہر ہے۔

تقریب میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل اور ساحل آن لائن کے چیئرمین ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری سمیت مختلف سماجی و تعلیمی اداروں کے ذمہ داران، شراوتی بیلٹ کی جماعتوں کے عہدیداران اور بھٹکل کے معززین شریک رہے۔

آخر میں مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے اسکول کی ترقی، زیرِ تعمیر عمارت کی جلد تکمیل، معاونین اور ان کے والدین کے لیے خصوصی دعا فرمائی، جس کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔


Share: